ْٹیکس نظام کی بقاء آٹومیشن سسٹم ہے،سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے‘ پاکستان ٹیکس بار

2020-21 کے ٹیکس ریٹرن کے ڈرافٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے ‘ عہدیداروں کا مشترکہ بیان

ہفتہ 22 اگست 2020 12:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2020ء) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ٹیکس آمدن میں اضافہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی وخوشحالی ممکن نہیں ،جوکا م پچاس سال پہلے کر لینے چاہیے تھے ان پر اب آج آغاز کیا جارہا ہے جسے مکمل ہونے میں مزید کئی سال درکار ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارا صدر آفتاب ناگرہ، پیٹرن عبدالقادر میمن،سینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمان زبیری جنرل سیکرٹری فرحان شہزادنے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے آٹو میشن سسٹم کے بیان پر اپنے رد عمل میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو پیچید ہ اور گھمبیر بنانے کی بجائے سادہ اورسہل بنانا چاہیے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ٹیکسز ہیں ،سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ اور انکم ٹیکس ریٹس کم کر کے ٹیکس نیٹ کو بڑھا یا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن کے ادارے جان بوجھ کر گھمبیر نظام سامنے لاتے ہیں جس سے ٹیکس گزار خوف و ہراس کا شکار ہو کر چور راستوں کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ2020-21 کا ٹیکس ریٹرن ڈرافٹ آیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ریٹرن ٹیکس دہندگان کو قابل قبول ہے یا نہیں اور اس کا جائزہ لے کر بہتری کیلئے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :