راولپنڈی روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کیلئے فیصل آباد سے لگنے والی بوگیوں کی حالت کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے،فیصل آباد چیمبر آف کامرس

ہفتہ 22 اگست 2020 20:05

راولپنڈی روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کیلئے فیصل آباد سے لگنے والی بوگیوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2020ء) راولپنڈی روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کیلئے فیصل آباد سے لگنے والی بوگیوں کی حالت کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے آج آرٹ اینڈ بوتیک بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے ایک اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ایکسپریس ، شاہ حسین ، سر سید اور ملت ایکسپریس کیلئے فیصل آباد سے لگنے والی بوگیوں کی حالت انتہائی خستہ ہوتی ہے جس کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والے لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس بارے میں وفاقی وزیر ریلوے اور دیگر متعلقہ حکام کو خط لکھا جا رہا ہے تاکہ فیصل آباد سے لگنے والی ٹرینوں کی حالت کو فوری طور پر بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ محرم الحرام شروع ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی خاص طور پر اندرون شہر آٹھ بازاروں کو محرم کے جلوسوں کیلئے شام 5بجے بند کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے دوکاندار پہلے ہی پریشان ہیں ۔پہلے کرونا لاک ڈائون اور اب محرم کی وجہ سے دوکانوں کو بند کرنے سے اُن کی مالی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سیکورٹی کے معاملات کیلئے کوئی متبادل ،محفوظ اور قابل عمل طریقہ اختیار کیا جائے جس سے اُن کا کاروبار متاثر نہ ہو۔

رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بجلی کو موجودہ دور کی اولین ضرورت قرار دیا اور کہا کہ مہنگی بجلی کے ساتھ ساتھ اس کی لوڈ شیڈنگ سے قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے فیسکو کے چیف ایگزیکٹو سے کہا کہ وہ صنعتی سیکٹر کیلئے بجلی کو مزید سستا کریں ۔ مزید برآں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی بھی وضع کی جائے۔ اس اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین محمد فیصل، شیخ محمدیوسف موتی،زین حمید، عبدالوحید، جبران طارق، خاور رحمان، محمد سرفراز، شاہد خاں ، حاجی محمد جاوید، محمد طیب ، فیصل رشید، عظیم مقبول، علی یوسف، جاوید بیگ، طلحہ زبیر، بلال رانا ، جازب امتیاز، شیخ کامران اختر، امداد حسین، ابوبکر شہزاد، محمد امین اور محمد یعقوب اعوان نے بھی شرکت کی۔