جرمنی میں منعقد ہونے والی ٹیکسٹائلز کی بڑی عالمی نمائش ’’ ہیم ٹیکس ٹل‘‘ کا آغاز آئندہ سال 12 جنوری 2021ء کو ہو گا

اتوار 23 اگست 2020 10:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2020ء) جرمنی میں منعقد ہونے والی ٹیکسٹائلز کی بڑی عالمی نمائش ’’ ہیم ٹیکس ٹل‘‘ کا آغاز آئندہ سال 12 جنوری 2021ء کو ہو گا ۔ چار روز تک جاری رہنے والی عالمی تجارتی نمائش 12 تا 15 جنوری 2021ء کے دوران جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں منعقد ہوگی ۔ آئندہ سال کے آغاز پر منعقد ہونے والی شعبہ کی پہلی نمائش سے شعبہ کی ترقی اور برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی ۔

رواں سال ہیم ٹیکسٹل 2020 ء میں 231 پاکستانی اداروں نے شرکت کی تھی جن میں سے بعض اداروں نے پاکستان پویلین کے تحت نمائش میں شرکت کی جبکہ بعض کمپنیوں نے براہ راست نمائش میں حصہ لیا تھا۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹی ڈی اے پی) آئندہ سال کی نمائش میں بھی پاکستان پویلین کے ذریعے شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹی ڈی اے پی کے حکام نے کہا ہے کہ تجارتی میلہ میں شرکت سے نہ صرف یورپی منڈیوں کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی بلکہ قومی برآمدات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ 2020 کی عالمی تجارتی نمائش میں 2952 کمپنیوں نے اپنے نمائشی سٹالز قائم کئے تھے جبکہ دنیا بھر سے 63 ہزار سے زیادہ تجارتی وفود اور درآمد کنندگان نے بھی نمائش میں شرکت کی تھی ۔آئندہ سال کی ہیم ٹیکس ٹل میں بھی بڑی تعداد میں تجارتی وفود کی شرکت متوقع ہے جس سے قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :