بارش کے کے بعد شہرکی صورت حال انتہائی خراب ہے، کراچی کے بیشتر علاقوں کے مکینوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،نظام مصطفی پارٹی

منگل 25 اگست 2020 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2020ء) نظام مصطفی پارٹی کے مرکزی رہنما سید حامد سعید کاظمی سابق وفاقی مذہبی امو ر،نظام مصطفی پارٹی مرکزی صدرسابق وفاقی وزیر ماحولیات ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب ،میاں خالد ایڈووکیٹ، شبیر احمد قاضی، الحاج محمد رفیع، علامہ نسیم احمد صدیقی، پیر زادہ غلام حسین چشتی ، مولانا محمد شاہدین اشرفی، مولانا محمد احسن نوری، سید محمد حنیف بخاری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بارش کے کے بعد شہرکی صورت حال انتہائی خراب ہے۔

کراچی کے بیشتر علاقوں کے مکینوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے،مکینوں کا کہنا ہے کہ بعض مسجدوں کے اطراف میں اتنا پانی کھڑا ہے کہ وہ نماز کی ادائیگی میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے ،اشیائے خودونوش کی بھی قلت پیداہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

گندگی کے ڈھیر،کئی فٹ سیوریج اوربارش کا پانی جمع ہونے سے تعفن اٹھا رہاہے ،علاقہ مکین حکومتی امدادکے منتظر فریادکررہے ہیں ۔

دوسری جانب Kالیکٹرک کی جانب سے روایتی ہٹ دھرمی نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلاکررکھا ہے شہر کے بیشتر علاقوں میں طویل اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ یہ مسئلہ بھی کراچی کی عوام کیلئے غورطلب ہے کہ عدم توجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام بھی تباہ ہوگیا ہے ۔ ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کی توجہ عوامی مسائل کی جانب نظر نہیں آتی،نیک نیتی اورپختہ ارادے سے تمام مسائل احسن طریقہ سے حل کئے جاسکتے ہیں ۔

شہریوں کو ان مشکلات سے نجات دلانے کے بجائے جن سیاسی جماعتوں کا سندھ میں عمل دخل ہے وہ ایک دوسرے کے خلاف شدید تلخ لہجے میں پوائنٹ اسکورنگ کررہے ہیں۔ مہنگائی ، بیروزگاری ہر درجے بڑھی ہوئی لاقانونیت میں حکمران نئے ضلع بنانے کی بحث میں مبتلا ہیں ۔ دنیا میں حکومتیں جن جن کو حاصل ہیں وہ چاہیں رویے اختیار کریںلیکن عوام کی تکالیف میں مبتلا کرنے والوں کو یوم حساب سے بھی گزرنا پڑے گا۔