ذلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا

زلفی بخاری کا ریحام خان سے معافی، الزامات کی واپسی اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ

بدھ 26 اگست 2020 17:17

ذلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2020ء) ریحام خان کی پاکستانی ہوٹل روز ویلٹ کی فروخت سے متعلق متنازع ٹوئٹس پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ہائی کورٹ میں دائر مقدمے کی تمام تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں جس میں زلفی بخاری نے ریحام خان سے معافی، الزامات کی واپسی اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریحام خان نے ٹوئٹس کے ذریعے مجھے بدنام کیا اور ساکھ کو نقصان پہنچایا، روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق کمیٹی میں پانچ افراد شامل تھے لیکن صرف مجھے نشانہ بنایا گیا، انصاف کے حصول کیلئے عدالت جانے پر مجبور ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو اپنے الزامات کے ثبوت عدالت میں پیش کرنا ہوں گے، مقدمہ آزادی رائے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ترجمان ہائیکورٹ کے مطابق زلفی بخاری کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ شروع ہونے میں 8 ماہ لگ جائیں گے۔واضح رہے کہ ریحام خان نے ٹوئٹ میں الزام لگایا تھا کہ ہوٹل کی فروخت سے ذلفی بخاری کو فائدہ ہوگا۔