80 ویں یوم تاسیس پر ہمارا عہد ہے کہ اسلام کی حکمرانی اور اتحاد امت کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، لیاقت بلوچ

بدھ 26 اگست 2020 23:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اگست2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جماعت کے 80 ویں یوم تاسیس کے موقع پر لاہور اور سرگودھا میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 80 ویں یوم تاسیس پر ہمارا عہد ہے کہ اسلام کی حکمرانی اور اتحاد امت کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ جماعت اسلامی نے قرار داد مقاصد ، علماء کے بائیس نکات ، اسلامی آئین کی منظوری اور تمام مسالک اور فرقوں کے درمیان اتحاد و وحدت کے لیے تاریخی کردار ادا کیاہے ۔

نظریاتی اور فکری محاذ پر انسانی کردار کی عظمت ، اشتراکی استحصالی نظام اور مغربی سرمایہ دارانہ تہذیب کے خلاف مسلسل جدوجہد کی اور اسلام کی حقانیت کو عوام کے ذہنوں پر نقش کیا ۔انتخابات میں عوام نے ہمارا ساتھ نہیں دیا ۔

(جاری ہے)

ووٹرز نے ہمیشہ جن سیاسی دھڑوں ، ریاستی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کاروں کو ووٹ دیا ، اس کے نتیجہ میں ملک و ملت کو ذلت ، رسوائی ، مہنگائی ، بے روزگاری اور در در کی ٹھوکریں ملیں ۔

ہمیں یقین ہے کہ عوام جماعت اسلامی کے منشور اور بیانیہ کی طرف ضرور لوٹ آئیںگے ۔ جماعت اسلامی کے موقف نے ثابت کر دیاہے کہ پاکستان کے بحرانوں کا علاج اسلام کی حکمرانی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کشمیر ، فلسطین ، افغانستان میں عالمی استعمار ی قوتوں کے خلاف مظلوم مسلم عوام کا ساتھ دیا ہے ۔ جماعت اسلامی مظلوم عوام اور غلامی کی زنجیروں میں زبردستی جکڑے گئے مسلمانوں کی آزادی کے لیے بر سر پیکار ہے ۔

یہ نوشتہ دیوار ہے کہ عالم اسلام کے اتحاد کے بغیر بحرانوں کا علاج ممکن نہیں ۔ اقتصادی محاذ پر جماعت اسلامی نے امانت و دیانت اور خدمت کے ذریعے اپنا صاف ستھرا کردار تسلیم کرایا ہے ۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ ، میاں طفیل محمد ؒ ، قاضی حسین احمد ؒ ، سید منورحسن ؒ کے مشن کو پورے ملک میں کارکنان امیر جماعت ا سلامی سراج الحق کی قیادت میں رواں دواں رکھے ہوئے ہیں ۔ شہادتیں ، اذیتیں ، جیلیں ، سزائے موت کے اعلانات ہماری استقامت کے گواہ ہیں ۔ ہم دو قومی نظریہ ، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان اور کرپشن فری پاکستان کے لیے کٹ مریں گے ، کوئی کمپروز مائز نہیں کریں گے ۔