نواز شریف عدالت کو ماموں بنا کر بیرون ملک چلے گئے،بیرسٹر اعتزاز احسن

مریم نواز کی پاکستان میں موجودگی نواز شریف کی وطن واپسی کے لئے واحد مجبوری ہے، حکومت جعلی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کرے،سینئر قانون دن کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 26 اگست 2020 23:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اگست2020ء) سینئر قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف عدالت کو ماموں بنا کر بیرون ملک چلے گئے، برطانوی حکومت انہیں پاکستان کے حوالے نہیں کرے گی، مریم نواز کی پاکستان میں موجودگی نواز شریف کی وطن واپسی کے لئے واحد مجبوری ہے، حکومت جعلی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کرے، بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف مجرم تو ہیں اور عدالت سے ان کی سزا بھی معطل نہیں ہوئی ہے لیکن حکومت نواز شریف کو برطانیہ سے واپس نہیں لا سکتی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ وفاقی وزیرہوابازی کے واجب القتل والے بیان اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے 5ہزار بندوں کو پھانسی پر لٹکانے جیسے بیانات کے بعد برطانوی حکومت نواز شریف کو پاکستان کے حوالے نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

نواز شریف حکومت اور عدالت دونوں کو ماموں بنا کر باہر چلے گئے جبکہ ان کے ضمانتی شہباز شریف کی انڈرٹیکنگ بھی ماموں بنانے جیسی ہی ہے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پاکستان میں موجودگی ان کے واپس آنے کی واحد مجبوری ہے۔ ورنہ ان کے صاحبزادے اور دیگر اہل خانہ تو لندن میں ہی موجود ہیں۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر موقع پر پیپلزپارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔ چارٹر آف ڈیموکریسی (میثاق جمہوریت) پر بھی ہمیں دھوکہ دیا گیا ہے جبکہ میمو گیٹ سکینڈل میں بھی نواز شریف پیپلزپارٹی کے خلاف عدالت گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو خط لکھ کر غلطی کی ہے۔ حکومت کو صرف میڈیکل رپورٹس میں مبینہ جعلسازی کے معاملے پر تحقیقات کرنی چاہییں جبکہ پاکستانی عدالتوں میں کیس کی پیروی کر کے شریف خاندان پر دبائو ڈالوانا چاہیے۔