سیالکوٹ دو مختلف مقامات پر چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ، چار زخمی

دریائے چناب،توی و جموں توی میں پانی کی سطح مزید اونچی ہونے کی وجہ سے سیالکوٹ بائونڈری سے ملحقہ علاقہ بجوات کے 85 دیہات کا رابطہ منقطع

جمعرات 27 اگست 2020 12:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2020ء) سیالکوٹ میں طوفانی بارش کی وجہ سے تمام نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا جبکہ دریائے چناب،توی و جموں توی میں پانی کی سطح مزید اونچی ہونے کی وجہ سے سیالکوٹ بائونڈری سے ملحقہ علاقہ بجوات کے 85 دیہات کا رابطہ سیالکوٹ سے منقطع ہو گیا ،ہیڈ مرالہ سے ملحقہ دیہات میں بھی نچلے درجے کا سیلاب آ گیا اور نالہ آیک،ڈیک،پلکھو و بھیڈ کا پانی بھی نالوں سے باہر آ گیا جس کی وجہ سے آس پاس کے دیہات اور سیالکوٹ کے کئی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ آمدورفت کے ذرائع بھی بہت زیادہ متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن و میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کی جانب سے بارش اور سیلاب کے پانی کے نکاس اور شہریوں کو محفوظ کرنے کے لئے کوئی مناسب اقدامات نہ کئے گئے۔بارش کے باعث سیالکوٹ کے محلہ پریم نگر مکان کی چھت گرنے سے 70سالہ خالدہ زوجہ عنایت جاں بحق جبکہ 25سالہ زینب زخمی ھوگئی اور محلہ اٹاری میں 38سالہ شعیب، 35سالہ شہباز اور 3سالہ آریان زخمی ہوگئے ۔ریسکیو 112 نے ہلاک ہونے والی خاتون کی لاش چھت کے ملبہ سے نکال کر لواحقین کے حوالے کردی۔ زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد ان کو گھر میں منتقل کر دیا۔