جماعت اسلامی حضرت امام حسین کے مشن کی وارث ہے، ذکر اللہ مجاہد

شہادت امام حسین ظلم و جبر کے سامنے کلمہ حق کی ایک روشن مثال ہے )اقتدار اور مفادات کی حوس میں مبتلا حکمرانوں نے کبھی بھی عدل و انصاف کا ساتھ نہیںدیا، امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 27 اگست 2020 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2020ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہادت امام حسین ظلم و جبر کے سامنے کلمہ حق کی ایک روشن مثال ہے ۔اقتدار اور مفادات کیلئے حکمرانوں نے کبھی بھی عدل و انصاف کا ساتھ نہیںدیا ۔ یزیدی حکومت نے نواسہ رسول ﷺ کو اس لیے شہید کیا کہ وہ ان کے مذموم مقاصد کے راستے میں رکاوٹ تھے ۔

ہر دور میںطالعہ آزما حکمران طبقہ اور مفاد پرست ٹولہ یزیدی حکمرانوں کی راہ پر چلتا رہا ہے اور اس طبقہ اور ٹولے کا واحد مقصد اپنے اقتدار کی حفاظت اور اپنی عیاشیوں کو طوام بخشنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دورکے حکمران بھی اسی راستے پر گامزن ہیں ۔ عوام مشکلات اور مصائب کا شکار ہیں لیکن حکمران طبقہ اپنے کرپٹ ٹولے کا تحفظ کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

شہادت امام حسین کا پیغام یہ ہے کہ ہردور کے یزیدی ٹولے کے سامنے سینہ سپر ہونا ہی اسلام کا حقیقی مقصد ہے ۔ جماعت اسلامی حضرت امام حسین کے مشن کی وارث ہے ۔ نواسہ رسول ﷺکے راستے پر چلتے ہوئے شریعت محمد ی اور اسلام کے نظام عدل و انصاف کا نفاذ ہی ہمارا مرکز اور محور ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی 155 لاہور کی تقریب تقسیم انعامات چرم قربانی و دعوتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، گروپ لیڈر این اے 128 چوہدری منظور حسین گجر ، امیرجماعت اسلامی شرقی لاہور ڈاکٹر محمود احمد ،امیر جماعت اسلامی پی پی 155لاہور زاہد علی کھوکھر ، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف ، پروگرام کے میزبان ڈاکٹر شہزاد احمد سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور ورکرز نے شرکت کی ۔ تقریب میںکرونا بچائو اور چرم ہائے قربانی پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔