ضلع مہمند میں پولیس کی کارروائی، تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

ملزم کے قبضے سے 72آر پی جی گولے اور 64ڈیٹونیٹربھی برآمد کرلیے، دہشت گردوں کا مقصد محرم الحرام کے موقع پر امن و امان سبوتاژ کرنا تھا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 29 اگست 2020 11:07

ضلع مہمند میں پولیس کی کارروائی، تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست2020ء) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قبائلی ضلع مہمند میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا، تحصیل بائزی میں مکان سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب نے بتایا کہ کارروائی کے نتیجے میں ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا جبکہ بر آمد کیے گئے اسلحے میں 72آر پی جی گولے اور 64ڈیٹونیٹر شامل ہیں،ملزم حبیب اللہ نے محرم الحرام کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنایا تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کوہاٹ میں سکیورٹی اداروں نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاتھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 ہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم داعش اور جماعت الاحرار سے ہے، دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد ہوا،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر کوہاٹ کے علاقے متنی میں آ پریشن کیا اور دہشتگرد ی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش اور جماعت الاحرارسے ہے۔ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ دہشتگردوں سے 4 کلو بارودی مواد، 2 نائن ایم ایم پستول، ڈیٹونیٹرز اور نٹ بولٹ برآمد ہوئے ہیں۔واضح رہے سکیورٹی اداروں کی بروقت کاروائیوں سے روزانہ دہشتگرد پکڑے جا رہے ہیں۔

پاکستان دشمن قوتوں کے بل بوتے پر دہشتگردوں کی دوبارہ متحرک ہونے کی کوششیں سی پیک اور پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنا مقصد ہے۔ تاکہ پاکستان کو معاشی عدم استحکام کا شکار بنایا جائے اور سی پیک کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں۔ لیکن پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کی بدولت دہشتگردوں کو نیٹ ورک توڑا جا رہا ہے اور دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنائی جا رہی ہے۔