اسرائیلی پرواز کو سعودی عرب سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی گئی

تل ابیب سے ابو ظہبی جانے والا اسرائیلی طیارہ تاریخ میں پہلی بار سعودی فضائی حدود سے گرزے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 31 اگست 2020 13:16

اسرائیلی پرواز کو سعودی عرب سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اگست 2020ء) اسرائیلی پرواز کو سعودی عرب سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی گئی۔یہ سعودی فضائی حدود سے اڑنے والا پہلا اسرائیلی طیارہ ہو گا۔۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی پہلی براہ راست کمرشل فلائٹ آج متحدہ عرب امارات کے دارالخلافہ ابوظہبی پہنچے گی، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معاہدے کے بعد امریکی وفد تجارتی پرواز کے ذریعے تل ابیب سے ابو ظہبی پہنچے گا. اسرائیلی وفد ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت شعبہ ہوابازی، سیاحت، تجارت، صحت، توانائی اور سلامتی سمیت دیگر امور پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تبادلہ کرے گا اسرائیل نے کہا کہ ستمبر کے وسط تک متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی تقریب واشنگٹن میں ہو گی۔

اس حوالے سے ’دا یروشلم پوسٹ ‘ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی پرواز کو سعودی عرب سے گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تل ابیب سے ابو ظہبی جانے والا اسرائیلی طیارہ تاریخ میں پہلی بار سعودی فضائی حدود سے گرزے گا۔۔رپورٹ کے مطابق جہاز میں سوار امریکی عہدیداروں کی موجودگی کی وجہ سے پرواز کو سعودی عرب کی فضائی حدود سے اڑان کی اجازت دی گئی تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے کھلم کھلا تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

طیارے پر خصوصی طور پر ’سلام پیس ‘ بھی لکھا گیا ہے۔دوسری جانب ٹائمز آف اسرائیل میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تاحال اس حوالے سے سرکاری سطح پر نہیں بتایا گیا کہ آیا اسرائیلی پرواز سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کرے گی یا نہیں۔اسرائیلی ائیر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی اس معاملے کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پرواز آج 3 بج کر 5 منٹ پر لینڈ کرے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2018ء میں سعودی عرب نے اسرائیل جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔