ضلع چکوال میں عاشورہ محرم کی 143مجلس عزا اور 79جلوس نکالے گئے

ڈی پی او محمد بن اشرف نے ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے

پیر 31 اگست 2020 19:30

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2020ء) ضلع چکوال میں عاشورہ محرم کی 143مجلس عزا اور 79جلوس نکالے گئے۔چکوال شہر میں مرکزی جلوس امام بارگاہ سرپاک چوہدری محمد علی خان،چوہدری ناصر علی خان کے زیر اہتمام نکالا گیا۔شرکائے جلوس نے شبیع روزہ امام حسین ،مہدی شہزادہ قاسم،جھولا شہزادہ علی اصغر ،علم حضرت عباس اٹھا رکھے تھے۔اور ماتم داری کرتے ہوئے دربار سخی ثابت ثبوت پہنچے۔

اور وہاں پر مجلس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔جبکہ شبیع ذوالجناح کا بڑا جلوس راجہ نبیل عابد کے گھر سے حسب سابق برآمد ہوا۔اور یہاں پر مومنین کے لیے نظر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔راجہ نبیل عابد کی رہائشگاہ سے شبیع ذوالجناح کا برآمد ہونے والا بڑا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دربار سخی ثابت ثبوت پہنچا۔

(جاری ہے)

اور وہاں پر مولانا محمد افضل حیدری اور ذاکر سید ریاض حسین شاہ رتوال نے شہادت حضرت امام حسین پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

جلوس روٹ پر مومنین کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھی۔جبکہ محکمہ واپڈا ،بلدیہ،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،سوئی گیس،کا عملہ جلوس کے ہمراہ ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر احمد فاروق نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تمام عملہ کو ہائی الرٹ رکھا۔ڈی پی او محمد بن اشرف نے ضلع بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے۔

چکوال شہر کے مرکزی جلوس کے ساتھ ڈی ایس پی سید اظہر شاہ اور ایس ایچ او سید مسرت شاہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا۔اختتام مجلس پر مذکورہ جلوس امام بارگاہ سرپاک پہنچ کر بخیر وعافیت اختتام پذیرہوگیا۔زنانہ مجلس شام غریباں امام بارگاہ سرپاک میں منعقد ہو گی۔جبکہ حسب سابق شام غریباں کے مجلس عزا چوہدری نقی عباس کے گھر منعقد ہوگی۔مولانا اسدی شام غریباں کی مجلس سے خطاب کرینگے۔