پاک بحریہ کا کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشنز جاری

پیر 31 اگست 2020 23:20

کراچی۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2020ء) کراچی سمیت اندرون سندھ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کے علاوہ تیار کھانا ، ضروری اشیا ئے خوردونوش کی فراہمی اور متاثرین کی امداد کے لئے طبی نگہداشت کے مراکز قائم کئے۔

پاکستان بحریہ نے کراچی اور بدین میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کر دی ہے۔ پاکستان بحریہ نے ضلع بدین میں سول انتظامیہ کے تعاون سے ایل بی او ڈی نہر کے شگاف کی مرمت میں مدد کی۔ مختلف علاقوں سے سیلابی پانی کی نکاسی بھی کی گئی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے دوران شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

یونس آباد ،کاکا پیر ، ناظم آباد اور سرجانی ٹائون کے بارش سے متاثرہ خاندانوں میں تیارکھانے کے سینکڑوں پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں سرجانی ٹائون ، یارو خان گوٹھ ، یوسف گوٹھ ، خمیسو گوٹھ میں ضروری اشیائے خوردونوش پر مشتمل سامان کے ہزاروں بیگ بھی تقسیم اورکراچی کے مختلف علاقوں اور ڈسٹرکٹ بدین میں امدادی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔بدین میں قائم میڈیکل کیمپوں میں پاک بحریہ کے اضافی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔

موبائل میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ہزارسے زائد مریضوں کو علاج اور ادویات فراہم کیں۔ ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں بھی سیلاب کی وجہ سے گھروں میں محصور مکینوں کو بڑے پیمانے پرطبی امداد فراہم کی گئی ۔پاک بحریہ کراچی سمیت اندرون سندھ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔