ملک میں بدامنی ،فرقہ واریت ولسانیت کو ہوادینے کی ساز ش ہورہی ہے جوسب کیلئے نقصان دہ ہے،مو لانا عبد الحق ہا شمی

بدھ 2 ستمبر 2020 05:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2020ء) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بدعنوانی ،بدامنی ،بے حس حکمرانوں کی وجہ سے وسائل سے مالامال بلوچستان مسائلستان بن گیاہے عوام ناقص حکومتی پالیسیوں ،بدعنوانی کی وجہ سے دو وقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں ہر طرف اقرباء پروری ،رشوت ،بدعنوانی ،لوٹ مار کا دور دورہ ہے غریب عوام کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی ریلیف نہیں ترقیاتی کاموں کے نام پر لوٹ مار جاری ہے ۔

حکومتی کھاتوں میں بلوچستان پر اربوں خرچ ہورہے ہیں لیکن حقیقت کے میدان میں بلوچستان ریگستان بنا ہوا ہے ۔جماعت اسلامی بدعنوانی ،ناانصافی اور سیاست کے نام پر کاروبار ولوٹ مارکے خلاف ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی بلوچستان کو مسائل سے نکال لیگی جماعت اسلامی میں عوام کے جوق درجوق شمولیت خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

عوام نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی کی باری ہے ۔

جماعت اسلامی عوام کو مایوس نہیں کریگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ماہانہ صوبائی ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،بشیراحمدماندائی ،میر محمد عاصم سنجرانی ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پروفیسر سلطان محمد کاکڑ،مرتضٰی خان کاکڑ،حافظ خالد الرحمان شاہوانی ،ناظم مالیات سلطان محمد محنتی ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر نورالدین غلزئی ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے شرکت کی۔

اس موقع پرصوبائی ذمہ داران وشعبہ جات کے نگران نے اپنی اپنی تنظیمی رپورٹ پیش کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران نے کہاکہ ملک میں بدامنی ،فرقہ واریت ولسانیت کو ہوادینے کی ساز ش ہورہی ہے جوسب کیلئے نقصان دہ ہے کورونا لاک ڈائون کے بعد ٹڈی دل اور اب سیلاب وبارشوں نے بلوچستان کے ہر طبقے اور ہر علاقے کو متاثر کیا ہے مگر حکومت کو کسی کی فکر نہیں حکومت صرف قرضے لینے ،بے عمل اعلانات پر گزارہ کررہے ہیں عوام کو ان کی بری حالت پر چھوڑ دیا گیا جو لمحہ فکریہ ہے ۔

حکومت ہرمتاثرہ طبقے کیلئے ریلیف وامداد کا اعلان کریں حکومتی مہنگائی کیساتھ تاجر برادری ودکانداروں نے بھی قیمتوں میں بلاجوازاضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے عوام اشیاء خورونوش خریدنے سے بھی قاصرہیں صوبائی درالحکومت میں پینے کے صاف پانی کے قلت نے عوام کے مسائل میں بدترین اضافہ کردیا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔اجلاس میں آئندہ ماہ کے حوالے سے منصوبہ بندی تنظیمی پروگرامات ودیگر کام مشاور ت سے طئے کیے گیے جس پر عمل درآمد کا اگلے اجلاس میں رپورٹ لی جائیگی۔