پاکستان میں کرکٹ ورلڈکپ کے انعقاد کا امکان

2023 سے 2031 کے درمیان 4 بڑے ایونٹس کی میزبانی کی کوششیں کر رہے ہیں: چئیرمین پی سی بی احسان مانی

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 ستمبر 2020 23:53

پاکستان میں کرکٹ ورلڈکپ کے انعقاد کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2020ء) پاکستان میں ورلڈکپ کے انعقاد کا امکان، چئیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ 2023 سے 2031 کے درمیان 4 بڑے ایونٹس کی میزبانی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین کو بگ تھری سے نکل کر فیصلے کرنا ہوں گے۔

اپنے بیان میں احسان مانی نے کہا کہ کچھ عرصے سے آئی سی سی کے چیئرمین کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ بگ تھری کی سیاست انگلینڈ، انڈیا اور آسٹریلیا نے 2014 میں شروع کی تھی۔ اور پھر ان تینوں کرکٹ بورڈز نے برے ٹورنامنٹس کی میزبانی آپس میں بانٹ لی۔ احسانی مانی نے زور دے کر کہا کہ آئی سی سی کا نیا چیئرمین بگ تھری سے نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی میں مفادات کا ٹکراؤ ہے ، کرکٹ کی بہتری کے لیے آئی سی سی میں آزادانہ ڈائریکٹرز ہونے چاہئیں۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ انہیں آئی سی سی کا چیئرمین بننے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن وہ یہ عہدہ حاصل کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان اب آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے کا خواہش مند ہے۔ پاکستان 2023 سے 2031 کے درمیان 4 آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواست دے گا۔

یہاں واضح رہے کہ 1996 کے ورلڈکپ کے بعد پاکستان میں گزشتہ 24 سال سے کوئی بڑا آئی سی سی ایونٹ منعقد نہیں ہوا۔ پاکستان میں 2 سے زائد ممالک کی ٹیموں پر مشتمل آخری بڑا ٹورنامنٹ ایشیا کپ 2007 میں کھیلا گیا تھا۔ تاہم اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے بعد وطن عزیز میں بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے۔