ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی عالمی رینکنگ میں عبدالولی خان یونیورسٹی کا نام آنا اعزاز کی بات ہے،ایمل ولی

ہفتہ 5 ستمبر 2020 01:00

پشاور۔04 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائمز ہائیرایجوکیشن کی عالمی رینکنگ میں عبدالولی خان یونیورسٹی کا نام آنا اعزاز کی بات ہے اور بالخصوص پاکستان میں بھر قائداعظم یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے سے بہتر یا انکے برابر پوزیشن حاصل کرنا باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں اس وقت 300 پی ایچ ڈی مختلف شعبہ جات میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی نے اے این پی دور حکومت کے تمام منصوبوں کو ختم کرنے یا کمزور کرنے کی پوری کوشش کی اوربالخصوص ان تعلیمی اداروں کے ساتھ زیادتی کی گئی جو اے این پی دورحکومت میں بنائے گئے تھے۔ان تمام تر حربوں کے باوجود عبدالولی خان یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں آنا باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی پوزیشن کا اعزاز حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔