یوم دفاع کے شہدا کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے، ان محافظوں اور بہادر نوجوانوں کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے ، میجرجنرل محمد اکرم ساہی

ہفتہ 5 ستمبر 2020 10:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2020ء) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ یوم دفاع کے شہدا کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے، ان محافظوں اور بہادر نوجوانوں کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے اور زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہدا کو یاد رکھتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ دینے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں،ان کی ملک کے لئے خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گی اور ان قربانیوں کو قوم کبھی نہیں بھلائے گی۔ میجرجنرل اکرم ساہی کا کہنا تھا کہ شہدا نے ملک میں امن و امان کے لئے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں اور قوم بلکہ ملک کا ہربچہ بچہ شہدا کی ان عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خون سے بہادری و جرات کی تاریخ رقم کی ہے، شہدا کا قیمتی لہو وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کبھی مرتا نہیں بلکہ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتا ہے ، اسلام آباد اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر (ر) سلطان ستی نے کہا کہ ملک کی خاطر جا نوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لئے باعث فخرہے انہیں بھلایا نہیں جاسکتا،شہدا ہمارے قومی ہیرو ہیں ان کی ملک کے لئے قربانیاں رہیگاں نہیں جائیں گی۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل(ر) مجاہد اللہ ترین نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا ہمارا فخر، ماتھے کا جھومر اور امتیاز کی علامت ہیں ان کی قربانیوں کو بھلایا اور نہ ہی نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے سکیورٹی فورسز کے ان جوانوں کو جنہوں نے اپنے سینے پر گولیاں کھا کر اپنی جان مادر وطن پر نچھاور کیں ۔ان کی خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا اور 1965 ء میں ہمارے جوانوں نے دشمن کے ارادے خاک میں ملا دیئے تھے۔