سندھ اور بلوچستان کو ملانے والا پل خستہ حالی کا شکار ، شہری کی وڈیو وائرل ہوگئی

بارشوں سے حب ندی پر تعمیر کئے گئے پل کے پلرز کو سپورٹ دینے والی دیواریں گر گئیں ، پل وفاق کی طرف سے تعمیر کیا گیا ، ترجمان حکومت بلوچستان کا موقف

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 ستمبر 2020 15:13

سندھ اور بلوچستان کو ملانے والا پل خستہ حالی کا شکار ، شہری کی وڈیو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2020ء) شہرقائد میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد سیلاب کے باعث حب ندی پر تعمیر کئے گئے پل کے پلرز کو سپورٹ دینے والی دیواریں گر گئیں ، جس سے پل کمزور ہوگیا اور اس کے گرجانے کا خدشہ ہے جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے ، شہری کی بنائی ہوئی وڈیو وزئرل ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق حب ندی پہ بنائے جانے والے پل کے پلرز حالیہ بارشوں میں شدید متاثر ہوئے اور اس کی سپورٹ کے لئے بنائے جانے والی چاروں اطراف کی دیوار گرگئی ہیں جس سے پل کے پلرز کمزور ہونے ہوچکے ہیں اور پل کسی بھی وقت گر سکتا ہے ۔

ویڈیو میں شہری کی طرف سے حکومت سے کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لئے پلرز کی دیواروں کی دوبارہ تعمیر کرنے اور پل کا تکنیکی معائنہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 

شہری کی طرف سے شیئر کی گئی وڈیو کو رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے بھی اپنے ٹویٹرپیغام میں شیئر کیا اور لکھا کہ متعلقہ حکام توجہ فرمائیں کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے ۔

واضح رہے کہ حب ندی کے اوپر تعمیر کئے گئے پل سے حب اور کراچی کے درمیان بھاری ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ گزرتی ہے ۔ اس حوالے سے اپنے موقف میں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شہوانی نے کہا ہے کہ یہ پل ہے تو سندھ اور بلوچستان کو ملا نے کیلئے تاہم یہ وفاقی حکومت کی طرف سے این ایچ اے نے بنایا ہے ، اس کی مرمت کی ذمہ داری بھی این ایچ اے پر عائد ہوتی ہے ، اس کی فیزیبلٹی اور باقی تمام سرکاری کارروائی این ایچ اے نے ہی منظور کروائی تھی ، اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے 6 ماہ قبل ہی این ایچ اے کے اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے اس معاملے کو رکھا ہے ۔