پاک بحریہ کی جانب سے سندھ میں سیلاب سے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی کاروائیاں جاری

پاکستان بحریہ کی جانب سے سند ھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے بعد کی صورتحال سے نمٹنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے امدادی آپریشن جاری ہے

ہفتہ 5 ستمبر 2020 16:03

پاک بحریہ کی جانب سے سندھ میں سیلاب سے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2020ء) پاکستان بحریہ کی جانب سے سند ھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے بعد کی صورتحال سے نمٹنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے امدادی آپریشن جاری ہے۔ پاکستان بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سیلاب متاثریں کو تسلسل سے اشیائے خوردو نوش, بنیادی ضروریات اور طبی امداد فراہم کررہی ہیں۔

ضلع بدین اور ضلع ٹنڈو باگو میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پاک بحریہ کی غوطہ خور ٹیموں نے کشتیوں اور غوطہ خور ی کے خصوصی سامان کے ہمراہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کئے۔

مزید برآں ، امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان بحریہ کی غوطہ خور اور رسپانس ٹیمیں کراچی / سندھ کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان بحریہ کے جوانوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے سندھ میں اللہ بخش گوٹھ ، میر پور بٹورو ، رمضان گھگر گوٹھ ، عمر گھگر گوٹھ ، سائیں ڈینو جٹ گوٹھ ، اللہ بخش جٹ گوٹھ ، غلام راتھو جٹ گوٹھ ، رجب خان گوٹھ اور مصری جٹ گوٹھ کے علاقوں میں سینکڑوں مقامی افراد کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں۔

علاوہ ازیں،میڈیکل ٹیم نے سجاول اور میر پور ماتھیلو میں سیلاب کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے والے 300 سے زائد افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی۔

امدادی کاروائیوں کے تسلسل میں کراچی کے ہندو گوٹھ ، سرجانی ٹاوٴن اور کورنگی میں 2500 سے زائد ضرورت مند خاندانوں میں کھانے کے پیکٹ اور صاف پانی تقسیم کیا گیا۔
پاکستان بحریہ سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے امداد ی کاروائیاں جاری رکھنے اور وسائل کو متحرک کرنے کے لئے پرعزم ہے۔