مختلف مکاتب فکر اور دینی جماعتوں نے ’’یوم ختم نبوت ‘‘ ملک کے طول و عرض میں منایا

چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات و اجتماعات کا انعقاد

پیر 7 ستمبر 2020 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2020ء) مختلف مکاتب فکر اور دینی جماعتوں نے ’’یوم ختم نبوت ‘‘ ملک کے طول و عرض میں منایا چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات و اجتماعات منعقد ہوئے ۔ مجلس احرار اسلام کے مرکزی دفترنیو مسلم ٹاؤن لاہور میں یوم ختم نبوت کے اجتماع سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنماء مفتی محمد حسن ، مرکزی نائب امیر مجلس احرار اسلام سید محمد کفیل بخاری، مولانا ابراہیم نقشبندی الکہف ٹرسٹ اور مولانا عبدالنعیم نے شرکت و خطاب کیا مقررین نے انتباہ کیا کہ حکومت قادیانیت نوازی ترک کرے اور اقتداکے ر ایوانوں سے قادیانیوں کو ہٹائے، مفتی محمد حسن نے کہا کہ عقیدہٴ ختم نبوت پر پوری امت کا اجماع ہے اس عقیدے پر وار کرنے والے اسلام اور وطن دونوں کے دشمن ہیں ۔

(جاری ہے)

7ستمبر 1974کے فیصلے نے عالم اسلام میں پاکستان کا وقار بلند کیا ۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کے اسم مبارک کے ساتھ ’’خاتم النبیین ‘‘ لکھنے اور پڑھنے کو لازمی قرار دینا امت کے عقیدے کی ترجمانی ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے ختم نبوت کے مقدس خون کا صدقہ رنگ لایا اور اکابر احرار کی جد وجہد 46سال قبل پارلیمنٹ میں کامیاب ہوئی جس کا سہرا اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے سر جاتا ہے ۔

مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے چیچہ وطنی میں ’’ یوم ختم نبوت ‘‘ کی تقریب کی صدارت کے بعد کمالیہ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چناب نگر میں یوم ختم نبوت کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ کے پہلے شہید ختم نبوت سید نا حبیب ابن زید انصاری ؓ سے لے کر آج تک امت ناموس رسالت پر قربان ہوتی رہی ہے اور قیامت تک اس عقیدے پر قربان ہوتی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ قادیانی اکھنڈ بھارت کا عقیدہ رکھتے ہیں ۔ ہمارے ایٹمی اثاثوں کی تفصیلات چوری کر کے آنجہانی ڈاکٹر عبدالسلام نے امریکہ کوفراہم کیں اور ماضی میں فرقہ وارانہ فسادات کے پیچھے قادیانیوں کا ہاتھ ثابت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ،ناموس صحابہ و اہل بیت کے تحفظ کے لیے اہل سنت کے تمام مکاتب فکر ایک پیج پر ہیں اور ایک پیج پر ہی رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون توہین رسالت پر عمل درآمد کی یہی صورتحال رہی تو غازی فیصل خالدپیدا ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام پر قادیانی بیرون ممالک پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ کے تقریباً 40ارکان نے پاکستانی ریاست کے خلاف ایک یک طرفہ رپورٹ شائع کی ہے جس میں قادیانیوں کو مظلوم ثابت کیا گیا ہے۔ہماری حکومت اور وزارت خارجہ اس کا نوٹس لے کر برطانیہ کو جواب دے ۔

علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ نے 11،12ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالا نہ ختم نبوت کانفرنس اور قادیانیوں کو دعوت اسلام کے جلوس کی بابت مولانا محمد مغیر ہ اور مولانا محمود الحسن سے ابتدائی مشاورت کی ،عبداللطیف خالد چیمہ آج 8ستمبر منگل کوصبح 10بجے لاہو پہنچیں گے اور مرکزی دفتر احرار میں مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری کی زیر صدار ت مجلس عاملہ کے اجلاس میں شریک ہونگے یہ اجلاس ملکی و بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لے کر لائحہ عمل طے کرے گا اجلاس میں تنظیمی اور جماعتی امور بھی زیر بحث آئیں گے ۔