پاکستان کی چین کو کلینکر کی برآمد شروع

منگل 8 ستمبر 2020 10:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2020ء) پاکستان کلینکر (سیمنٹ) کی نئی برآمدی مارکیٹ میں داخل ہوچکا ہے۔ چین کو کلینکر کی کنٹینرز میں باقاعدہ برآمد شروع کردی گئی ہے۔ ایک لاکھ ٹن سے زیادہ کلینکر برآمد کیا چکا ہے۔ پاور سیمنٹ کے حکام نے کہا ہے کہ کمپنی بڑی مقدار میں چین کو کنٹینرز میں کلینکر کی مسلسل برآمدات کر رہی ہے۔

بلک لوڈنگ سسٹم کے تحت کنٹینرز میں کلینکر لوڈ کرنے کی خصوصیات کے ساتھ پاور سیمنٹ ملک کی پہلی کمپنی کا اعزاز رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلک لوڈنگ سسٹم کے تحت چین کو ایک لاکھ ٹن سے زیادہ کلینکر برآمد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے دسمبر 2019ء میں پیداوار کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ پاور سیمنٹ کا پلانٹ جدید ترین یورپین ٹیکنالوجی کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے کہا کہ کمپنی بنگلہ دیش ، سری لنکا، مشرقی افریقہ اور مشرق وسطی سمیت کئی ممالک کو سیمنٹ اور کلینکر برآمد کررہی ہے تاہم چین کو بڑی مقدار میں کلینکر کی برآمدات پہلی مرتبہ شروع ہوئی تھی اور پاور سیمنٹ کویہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ کنٹینرز میں برآمدات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نہ صرف بہترین معیار کے 52.5 این اور 42.5 این/آر سیمنٹ تیار کرتی ہے بلکہ مختلف وزن میں ہیکنگ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں اور پاور سیمنٹ 25 کلو،40 کلو اور 50 کلو گرام کے بیگز ، 1.5 میٹر ٹن کے جمبو بیگز اور 2 میٹرک ٹن کے سلنگ بیگز میں پیکنگ کی استعداد رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان خصوصیات کے نتیجہ میں پاور سیمنٹ نے دسمبر 2019ء میں باقاعدہ پیداوار شروع کرنے کے بعد ملکی برآمدات میں اپنے شیئر میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ حکام نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کا سیمنٹ تیار کرنے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں کمپنی کو بہت جلد نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔