وزیراعظم حیدرآباد کے لیے ایک سو ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں ،چیمبر آف کامرس

منگل 8 ستمبر 2020 23:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2020ء) حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شاکر میمن ، نائب صدر پیر الحاج گلشن الٰہی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مسائل نکا سی و فراہمی آب ، سڑکوں کی تعمیر ، تفریحی مقامات ، صحت و صفائی سمیت دیگر اسکیموں کے لئے حیدرآباد کو ایک سو ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیا جائے ۔

تاجروں و صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ سے صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں ، حالیہ بارشوں میں حیسکو کے درجنوں ٹرانسفارمر جل گئے ہیں شہر اور لطیف آباد و قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں بیس سے تیس دن گزرنے کے باوجود ٹرانسفارمر مہیا نہیں کئے گئے اور یہ علا قے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ، حیسکو اہلکار ٹرانسفارمر کی مرمت کے لئے ہزاروں روپے طلب کر تے ہیں اور عوام کی طرف سے عدم ادائیگی کی صورت میں ٹرانسفارمر نہیں لگایا جاتا ، عوام کی طرف سے حیسکو انتظامیہ کے ظالمانہ رویے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جا ری ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان ،وزرات پانی و بجلی اور نیپرا کو ان معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، صنعتوں کا پہیہ چلے گا تو عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دہائی سے حیدرآباد کی ترقی کے لئے کوئی پیکج نہیں دیا گیا جو کہ حیدرآباد کے عوام کے ساتھ نا انصافی ہے ، تاجر برادری وفاقی و صوبائی حکومت کو ٹیکس ادا کرتی ہے ،وزیر اعظم کو حیدرآباد کا دورہ کر کے تاجر برادری اور عوام کے مسائل معلوم کرنا چاہئیں ،حالیہ بارشوں میں حیدرآباد کی نشیبی بستیوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا تھا اور یہاں کا انفرا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہو چکا ہے جبکہ نالوں کی حالت زار پر بھی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، حکومت کو عوام کی داد رسی کی ضرورت ہے ، صنعتی ترقی اور کاروباری فروغ کے لئے ضروری ہے کہ شہر کے انفرا اسٹرکچر کو فعال بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان معیشت کی ترقی اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ہمیں قوی امید ہے کہ وزیراعظم حیدرآباد کی تاجر برادری اور یہاں کی صنعتوں کی ترقی کے لئے بھی خصوصی اقدامات کریں گے ۔