لاہور، تاریخ کے پہلے شہید ختم نبوت سید نا حبیب ابن زید انصاری ؓ سے لے کر آج تک امت ناموس رسالت پر قربان ہوتی رہی ہے،عبداللطیف خالد چیمہ

منگل 8 ستمبر 2020 23:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2020ء) مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے چیچہ وطنی میں ’’ تحفظ ختم نبوت ‘‘ کی تقریب کی صدارت کے بعد کمالیہ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چناب نگر میں تحفظ ختم نبوت کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ کے پہلے شہید ختم نبوت سید نا حبیب ابن زید انصاری ؓ سے لے کر آج تک امت ناموس رسالت پر قربان ہوتی رہی ہے اور قیامت تک اس عقیدے پر قربان ہوتی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ قادیانی اکھنڈ بھارت کا عقیدہ رکھتے ہیں ۔ ہمارے ایٹمی اثاثوں کی تفصیلات چوری کر کے آنجہانی ڈاکٹر عبدالسلام نے امریکہ کوفراہم کیں اور ماضی میں فرقہ وارانہ فسادات کے پیچھے قادیانیوں کا ہاتھ ثابت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ،ناموس صحابہ و اہل بیت کے تحفظ کے لیے اہل سنت کے تمام مکاتب فکر ایک پیج پر ہیں اور ایک پیج پر ہی رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون توہین رسالت پر عمل درآمد کی یہی صورتحال رہی تو غازی فیصل خالدپیدا ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام پر قادیانی بیرون ممالک پاکستان کو بد نام کر رہے ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ کے تقریباً 40ارکان نے پاکستانی ریاست کے خلاف ایک یک طرفہ رپورٹ شائع کی ہے جس میں قادیانیوں کو مظلوم ثابت کیا گیا ہے۔ہماری حکومت اور وزارت خارجہ اس کا نوٹس لے کر برطانیہ کو جواب دے ۔علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ نے 11،12ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی سالا نہ ختم نبوت کانفرنس اور قادیانیوں کو دعوت اسلام کے جلوس کی بابت مولانا محمد مغیر ہ اور مولانا محمود الحسن سے ابتدائی مشاورت کی ۔