وزیراعظم عمران خان سے نامور ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

ْہواوے یونیورسٹی سطح کے طلباء کو جدید آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ٹریننگ میں بھی تعاون فراہم کرے گی، وفد کی قیادت گلوبل ایس وی پی ہواوے ٹیکنالوجی اور پریزیڈنٹ برائے مشرق وسطیٰ و ایشیا ہوو تائو کر رہے تھے

منگل 8 ستمبر 2020 21:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان سے نامور ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گلوبل ایس وی پی ہواوے ٹیکنالوجی اور پریزیڈنٹ برائے مشرق وسطیٰ و ایشیا ہوو تائو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

وفد میں ہواوے پاکستان کے سی ای او چیانگ منگ، ڈپٹی سی ای او احمد بلال مسعود، منیجنگ ڈائریکٹر ویجی گائو اور ڈائریکٹر پبلک افیئرز ہان وو شامل تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہواوے حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے متعلق پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کے ایک ہزار ملازمین کو تربیت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ہواوے یونیورسٹی سطح کے طلباء کو جدید آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ٹریننگ میں بھی تعاون فراہم کرے گی۔

ہوو تائو نے کہا کہ ہواوے وزیراعظم پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہنرمند نوجوان افرادی قوت تیار کرنے کے ویژن کی حمایت کرتی ہے۔ ہواوے نے بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی وائیٹ پیپر تشکیل دینے کی پیشکش بھی کی۔ ہواوے پاکستان میں موبائل مینوفیکچرنگ کے حوالے سے فزیبلیٹی پر بھی کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول کے سلسلے میں ہوواوے کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری، ریونیو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سرکاری امور کی شفافیت و تیز انجام دہی اور گڈ گورننس یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ہواوے کے وفد کو پاکستان میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پر مبنی طریقے متعارف کرانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی۔