گورنر سندھ کی مرواہ کے گھر جاکر والد سے اظہار تعزیت،واقعہ میں ملوث مجرمان کو ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچائیں گے، عمران اسماعیل

بدھ 9 ستمبر 2020 23:57

کراچی۔9 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عیسی نگری پہنچ کر زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی معصوم بچی مرواہ کے والد سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین، اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور جمال صدیقی بھی گورنر سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے ننھی مرواہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مرواہ کے خاندان کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری بیٹی مرواہ کو بیدردی سے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث بھیڑیوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے مرواہ کے والد کو یقین دلایا ہے کہ قاتلوں کو سزا ضرور ملے گی۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ اس قسم کے گھنائونے جرائم میں ملوث مجرمان کو سزائے موت دینا ضروری ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایسے درندوں کو ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔