گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ٹی سی پی کی جانب سے گندم درآمد کی جائیگی، وفاقی حکومت کا فیصلہ

وزیر اعظم عمرا ن خان کا ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنا یا جائے، گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2020 19:46

گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلا س میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبے کے ساتھ ساتھ ٹی سی پی کی جانب سے بھی گندم درآمد کی جائے گی جبکہ وزیر اعظم عمرا ن خان نے ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنا یا جائے، گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء محمد حماد اظہر، سینیٹر شبلی فراز، سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک، وزیرِ خوراک پنجاب عبدالعلیم خان، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان جبکہ چیف سیکرٹری صاحبان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو گندم کی دستیابی کی صورتحال، صوبہ پنجاب کی جانب سے یومیہ ریلیز، گندم اور آٹے کی قیمت کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے گندم اور چینی کی درآمد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،نجی شعبے کی جانب سے اب تک درآمد کی جا نے والی گندم کی مقدار اور آئندہ چند دنوں میں ملک میں پہنچنے والی گندم کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ،وزیر برائے صنعت محمد حماد اظہر نے چینی کی مو جودہ قیمتوں اور درآمد کے حوالے سے صورتحال پر بھی وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی ۔

ملک میں گندم کی دستیابی کی موجودہ تسلی بخش صورتحال اور صوبہ پنجاب کی جانب سے باقاعدگی سے گندم کی ریلیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بروقت پیشگی انتظامات کو یقینی بنا یا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم کی وافر دستیابی کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بنیادی خوراک کے ضمن میں کسی قسم کا دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبے کے ساتھ ساتھ ٹی سی پی کی جانب سے بھی گندم درآمد کی جائے گی۔