کینٹ پولیس نے نگکی قتل کیس کے الزام میں مفرور چوہدری ساجد کو گرفتار کر لیا

جمعہ 11 ستمبر 2020 15:17

کینٹ پولیس نے نگکی قتل کیس کے الزام میں مفرور چوہدری ساجد کو گرفتار ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) فوارہ چوک ایبٹ آباد میں نگکی کے رہائشی تین افراد کو قتل کرنے کے الزام میں سابق امیدوار تحصیل کونسل یونین کونسل دھمتوڑ چوہدری ساجد کو عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد کینٹ پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

2015ء میں الیکشن کے تنازعہ پر فوارہ چوک میں نگکی کے رہائشی تین افراد نذیر ولد منصف، کالا ولد شیر علی، بوستان ولد احمد علی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

کینٹ پولیس نے سابق امیدوار تحصیل کونسل چوہدری ساجد، اس کے بھائی چوہدری شہزاد اور چچازاد بھائیوں ارشاد اور ستار کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے تحت مقدمات درج کر کے تین ملزمان شہزاد، ارشاد اور ستار کو گرفتار کر لیا تھا اور چالان ماڈل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں پر کیس کی سماعت ہوئی اور عدالت نے تین ملزمان کو بری کر دیا تھا۔ چوہدری ساجد مفرور تھے اور انہوں نے سفری ضمانت کروا رکھی تھی۔ سفری ضمانت منسوخ ہونے پر کینٹ پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔