واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ریجنل ورکرز یونین (تربیلا پاور سٹیشن) کے انتخابات میں سیڑھی گروپ بھاری اکثریت سے کامیاب

جمعہ 11 ستمبر 2020 15:17

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ریجنل ورکرز یونین (تربیلا پاور سٹیشن) کے انتخابات میں سیڑھی گروپ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی، 706 میں سے 620 ملازمین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سیڑھی گروپ نے 360 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔

(جاری ہے)

گذشتہ چار سال سے برسراقتدار چاند گروپ 218 ووٹ حاصل کر سکا جبکہ پلاس گروپ کو صرف 23 ووٹ ملے، 19 ووٹ مسترد ہوئے، اسی طرح سیڑھی گروپ نے یہ الیکشن 142 ووٹوں کی برتری سے جیت لیا ہے۔

سیڑھی گروپ کے کامیاب عہدیداروں میں چیئرمین افسر خان، وائس چیئرمین زاہد نواز، جنرل سیکرٹری تنویر احمد اور جوائنٹ سیکرٹری شیر زمان شامل ہیں۔ تربیلا پاور سٹیشن کے چوتھے توسیعی منصوبہ کی یونین کے چیئرمین کے عہدے کیلئے فیصل ارشد انتخابی نشان پھول اور عبدالغیاث انتخابی نشان چاند کے درمیان مقابلہ ہوا جو فیصل ارشد نے 103 ووٹ حاصل کر کے جیت لیا، ان کے مدمقابل عبدالغیاث صرف 34 ووٹ حاصل کر سکے۔