جانچل پولیس نے اندھے قتل کے ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا

جمعہ 11 ستمبر 2020 15:17

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) جانچل پولیس نے اندھے قتل کے ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 10 ستمبر کو پولیس کو صلاح الدین نامی شخص کی نعش ملی، مشتعل عوام نے کس پل کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام اور دیگر پولیس و انتظامیہ کے افسران کس پل پہنچے اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا جائے گا جس پر مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کیلئے آزاد کر دیا۔ ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت نے ایس ایچ او تھانہ جانچل کو سختی سے ہدایت کی کہ ملزم کو ٹریس کر کے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کریں جس پر ایس ایچ او تھانہ جانچل امتیاز علی شاہ نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف ذرائع سے نامعلوم ملزم/ملزمان کو ٹریس کرنے کی کوشش شروع کی۔ پولیس نے جمعہ کی صبح ملزم جاوید ولد زیور شاہ سکنہ میدان کو گرفتار کر لیا۔