میرپورخاص شہر میں تاحال امدادی سرگرمیوں کا آغاز نہیں کیا گیا،خوشی محمد مغل

جمعہ 11 ستمبر 2020 16:32

میرپور خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2020ء) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے نگراں انچارج خوشی محمد مغل، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طوفانی برساتوں کو ایک ہفتہ سے زائد گذرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اور سی ایم او بلدیہ کی نااہلی اور غفلت کے باعث میرپورخاص کے علاقوںسیٹلائیٹ ٹائون، ریلوے کالونی،محمود آباد، اختر کالونی، گلشن کالونی، علی تالپور ٹائون، پاک کالونی، جمناداس کالونی، حمید پورہ کالونی نمبر 1،2اور3، تھامس آباد اور ڈھولن آباد سمیت متعدد رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں بارش اور سیوریج کا گندا پانی کھڑا ہے جس کی وجہ سے مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات الارض کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے اور شہر میں ملیریا اور گیسٹرو جیسے وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

خیمے ، مچھردانی اور دیگر امدادی سامان کی تقسیم میں بدترین لسانی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرپورخاص، میرواہ، ڈگری، جھڈو، ٹنڈو جان اور نوکوٹ میں بارش سے متاثرہ بے یارومددگار کھلے آسمان تلے اذیت ناک زندگی گذارنے والے غیر سندھیوں بالخصوص مہاجر عوام کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے جبکہ تمام امدادی سامان حکمراں جماعت کی منظور نظر مخصوص لسانی اکائی میں تقسیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور سی ایم او بلدیہ کے رویے کی مذمت کرتے ہیں اوروزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف آف آرمی اسٹاف اور گورنر سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز سے فی الفور بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی اور مچھر مار اسپرے کے لئے متعلقہ اداروں کو پابند بنایا جائے۔ حالیہ برساتوں سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگا کراچھی شہرت کے حامل علاقہ معززین کے ذریعے امداد تقسیم کی جائے اور امدادی سامان کی تقسیم میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے اور کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔