موٹروے پر خاتون کیساتھ زیادتی انسانیت کے نام پر دھبہ ہے،شازیہ عبداللہ

حکومت موٹروے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے، ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین بلوچستان

جمعہ 11 ستمبر 2020 16:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2020ء) جماعت اسلامی حلقہ خواتین بلوچستان کی ناظمہ شازیہ عبداللہ نے کہا ہے کہ موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی انسانیت کے نام پر دھبہ ہے جو حکومت اورمعاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے حکومت موٹروے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے، ،لاہور میں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے 73واقعات رپورٹ ہوئے اور رپورٹ نہ ہونے والے واقعات اسکے علاوہ ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران بڑی تعداد میں قوم کی بیٹیاں اور معصوم بچے جنسی تشدد کا شکار ہوئے اوربہیمانہ طریقے سے انکی زندگیوں کا خاتمہ کیا گیا لیکن افسوس کہ حکومتیں اور انصاف فراہم کرنے والے ادارے نہ صرف ناکام ہوئے بلکہ مجرموں کو شک کی بنیاد پر ریلیف دیا گیایہی وجہ ہے کہ اس قسم کی وارداتوں میں روز بروزاضافہ دیکھنے میںآرہا ہے کراچی کی مروہ ،پشاور کی گل پانڑہ اور گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ حالیہ زیادتی کا واقعہ ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں لاہور میں 2020ء کے پہلے دوماہ میں ہی زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے 73کیس رپورٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ،امن و امان کا قیام ،چادر و عصمت کا تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں کوتاہی اورلاپرواہی کے نتائج اس طرح کے بھیانک حادثات کی صورت میںسامنے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تو بڑی شاہراہوں پر بھی خواتین کی عزت محفوظ نہیں ہے امن وامان اورسلامتی و تحفظ کے ذمہ دار کہاں ہیں ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوںکا راج ہے بچوں اوربچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اگر پہلے ہی واقعے کے بعد جنسی درندوں کو نشان عبرت بنادیا جاتا تو زیادتی کے واقعات کو بڑھنے سے روکا جاسکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ اور پاکیزہ معاشرے کا قیام اوراستحکام حکومت وقت کی ذمہ داری اور ہماری ضرورت ہے خواتین اور بچے ،ْبچیوں کے ساتھ درندگی کے مرتکب کسی معافی کے حقدار نہیں خواتین کی عفت اور عصمت کے تحفظ کو لاحق خطرات اور اس سرعا م درندگی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین ملک بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 35کے تقاضے کے مطابق شادی،خاندان ،ماں اور بچے کی حفاظت کے حوالے سے مملکت اپنی زمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پورے ملک میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں سمیت موٹروے کے مجرموں کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اور مجرموں کو بلاتاخیر سرعام پھانسی دی جائے۔