پشاور کی بی آر ٹی بس سروس میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ

گلبہار اسٹیشن کے قریب بس کے ایک حصے میں اچانک آگ لگ گئی ، تمام مسافر محفوظ رہے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 11 ستمبر 2020 16:46

پشاور کی بی آر ٹی بس سروس میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2020ء) پشاور کی بی آر ٹی بس سروس میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گلبہار اسٹیشن کے قریب پشاور بی آر ٹی کی بس کے ایک حصے میں اچانک آگ لگ گئی ، ریسکیو اور فائر بریگیڈ نے آگ پر قابوپالیا جس کی وجہ سے بس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی بس میں آتشزدگی کا واقعہ حیات آباد کر علاقے میں پیش آیا جہاں بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔

جس کے بعد حوالے سے ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ ریسکیو 1122کی طرف سے کی گئی فوری کارروائی کے نتیجے میں آگ پر فوری قابو پا لیا گیا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اس حوالے سے واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کی حکومت کی طرف سے حال ہی میں شروع کی گئی بی آر ٹی بس سروس مختلف فنی خرابیوں کا شکار ہونے لگی ہے ، جہاں چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی ایک بس تہکال اسٹیشن کے قریب خراب ہوگئی تھی ، جہاں ٹریک پر رواں دواں بس اچانک تہکال اسٹیشن کے قریب پہنچ کر رک گئی تھی جس کے بعد حکام کی طرف سے کافی تگ و دو کے بعد بھی بس میں ہونے والی فنی خرابی کا پتا نہ چل سکا اور بعد ازاں تمام مسافروں کو وہیں پر اتارنا پڑا جبکہ 2,3 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بس وہیں پہ خراب کھڑی رہی ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس سے قبل بھی بی آر ٹی پشاور کی ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی ، آگ لگنے کا وہ واقعہ بھی حیات آباد اسٹیشن پر پیش آیا، ریسکیو 1122 نے آگ پر بروقت قابو پا لیا ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ بی آر ٹی کے مرکزی روٹ پر واقع حیات آباد اسٹیشن پر کھڑی بس میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ بس کی چھت پر لگی۔ بس پر آگ لگنے کے بعد جلد ہی ریسکیو 1122 سروس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، ریسکیو 1122 اہلکاروں نے بس کی چھت پر لگی آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ واقعے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔