ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کیخلاف منشیات کی تفتیش کا حکم دیدیا گیا

منشیات کے استعمال سے متعلق کسی طرح کے الزامات ثابت ہوگئے تو ممبئی چھوڑ دونگی،کنگنا رناوٹ کنگنا رناوٹ اور مہاراشٹر حکومت کے درمیان تنازع سے ڈپریشن کا شکار ہوگیا ہوں ،التجا ہے مذکورہ معاملے میں نہ گھسیٹا جائے،ادھیان سمن

جمعہ 11 ستمبر 2020 22:55

ممبئی پولیس کو کنگنا رناوٹ کیخلاف منشیات کی تفتیش کا حکم دیدیا گیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2020ء) مہارا شٹر کی شیوسینا حکومت نے ممبئی پولیس کو اداکارہ گنگنا رناوٹ کیخلاف منشیات سے متعلق تفتیش کا حکم دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مہارا شٹر کے وزیر داخلہ انیل دیش مکھ نے ممبئی پولیس کو اداکارہ کے خلاف منشیات سے متعلق تفتیش کا حکم دے دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے لکھا گیا خط ممبئی پولیس کو موصول ہوچکا ہے، جس میں ریاستی وزیر نے اداکارہ سے متعلق ایک پرانے انٹرویو کا حوالہ دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے پولیس کو بھیجے گئے خط میں لکھا ہے کہ اداکار ادھیان سمن نے 2016 میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ کنگنا رناوٹ کوکین استعمال کرتی ہیں اور اداکارہ نے اداکار کو بھی منشیات استعمال کرنے پر مجبور کیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے پولیس کو اداکارہ کے مذکورہ انٹرویو کوجواز بنا کر ان کیخلاف تفتیش کا حکم دیا ہے، تاہم تاحال ممبئی پولیس نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق اگر ممبئی پولیس مذکورہ انٹرویو کو جواز بنا کر اداکارہ کے خلاف منشیات کے حوالے سے تفتیش کرتی ہیں تو انہیں اداکار ادھیان سمن کو تفتیش میں شامل کرنا پڑے گا۔دوسری جانب اداکارہ کنگنا رناوٹ نے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے منشیات کے استعمال کا الزام لگانے کے بعد کہا ہے کہ اگر ان پر منشیات سے متعلق کسی طرح کے الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو وہ ممبئی ہی چھوڑ دیں گی۔

اداکارہ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیر داخلہ انیل دیش مکھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا منشیات کا ٹیسٹ بھی کروایا جا سکتا ہے اور ان کا تمام فون ریکارڈ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔اداکارہ نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ان کیخلاف تفتیش شروع کی جائے اور ساتھ ہی واضح کیا کہ اگر ان کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت ہوگیا تو وہ ممبئی شہر ہی چھوڑ دیں گی۔دوسری جانب اداکار ادھیان سمن نے بھی منشیات کے معاملے پر اپنا نام آنے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ کنگنا رناوٹ کے معاملے میں انہیں نہ گھسیٹا جائے۔

ادھیان سمن نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 2016 میں کنگنا رناوٹ کے حوالے سے بہت کچھ کہا تھا، کیوں کہ اس وقت ان کا دل ٹوٹا ہوا تھا مگر یہ درست طریقہ نہیں کہ اب انہیں پرانے معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔اداکار کے مطابق کنگنا رناوٹ اور مہاراشٹر حکومت کے درمیان تنازع میں ان کا نام آنے سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں اور تمام افراد سے التجا کرتے ہیں کہ مذکورہ معاملے میں انہیں نہ گھسیٹا جائے۔