کراچی،ہجرت کالونی میں واقع تین منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق ،5زخمی ہوگئے

جاں بحق ہونے والوں میں دادی، پوتی، بیٹا اوربہو شامل، عمارت میں آگ لگنے کے دوران ایک بیٹے نے جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگادی

ہفتہ 12 ستمبر 2020 14:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2020ء) کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں واقع تین منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے باعث جھلسنے اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں دادی، پوتی، بیٹا اوربہو شامل ہیں عمارت میں آگ لگنے کے دوران ایک بیٹے نے جان بچانے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگادی، شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، دھویں کے باعث مزید 3 افراد بھی متاثرہوئے،عمارت میں آتشزدگی کے باعث پہلی اور دوسری منزل پر موجود گھروں جبکہ میزنائن پر موجود کشن کے کارخانے، گرائونڈ فلور پر دودھ اور ٹیلر کی دکانوں میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

فائر بریگیڈ اور کے پی ٹی کی تین فائر ٹینڈز نے تقریبا ڈیڑھ سے دو گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی علی الصبح سول لائن تھانے کے علاقے ہجرت کالونی بلاک نمبر دو گلی نمبر4 میں واقع گرائونڈ پلس تین منزلہ رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اورعمارت کی 2 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس اوررضا کار تنظیموں کے نمائندے موقع پرپہنچ گئے اور فوری طور پر محکمہ فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا اسی دوران آگ مزید پھلتی چلی گئی اورآگ کے شعلے بلند ہونے لگے، آگ نے عمارت کے گرائونڈ فلور پر واقع دودھ اور درزی کی دکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس دوران متاثرہ عمارت کے مکین نوجوان26 سالہ اویس ولد محمد طالب نے اپنی جان بچانے کے لیے پہلی منزلہ سے چھلانگ لگادی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا۔

عمارت میں آتشزدگی کے باعث عمارت کی دوسری اورتیسری منزل کے رہائشی افراد فوری طور پرمحفوظ مقام پر منتقل ہو گئے جبکہ پہلی منزلہ کے رہائشی خاندان رہائشی عمارت میں پھنس گئے اور انہیں عمارت سے باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر پہلے فائر بریگیڈ کی ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچی اورآگ پرقابوپر پانے کی کوششیں شروع کردی گئیں اس دوران محمکہ فائر بریگیڈ نے مزید مدد طلب کرلی جس پرفائربریگیڈ اورکے پی ٹی کی ایک ایک فائرٹینڈرموقع پرپہنچ گئیں اور عمارت میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوششیں تیزکردی گئیں تاہم تنگ گلیوں اورعوام کے رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

فائربریگیڈ کے عملے نے تقریبا ڈیڑھ سے 2 گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد عمارت میں لگنے والی آگ پرقابو پا لیا،کولنگ اورمتاثرہ عمارت کی سرچنگ کے دوران پہلی منزل پرپھنسی8 افراد جن میں بچے اورخواتین شامل تھیں کوانتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔ جہاں پہلی منزل کے رہائشی محمد طالب کی فیملی کی3 افراد دھواں بھرنے اورجھلسنے کے باعث دوران علاج دم توڑگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں دادی، پوتی، بیٹا اوربہو شامل ہیں،جاں بحق ہونے والوں کی شناخت2سالہ آیت ولد توقیر، 45 سالہ خاتون عشرت، 30سالہ وسیلہ جبکہ 20 سالہ شہریار کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ عمارت میں 2 سگے بھائی اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔دوسری جانب علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ آدھے گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔

اس حوالے سے تھانہ سول لائن پولیس نے بتایاکہ آتشزدگی کا واقعہ ہجرت کالونی کی گلی نمبر4 میں موجود ایک عمارت میں پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں 2 سالہ آیت ولد توقیر، 45 سالہ خاتون عشرت، 30 سالہ وسیلہ جبکہ 20 سالہ شہریار جاں بحق ہوئے۔پولیس کے مطابق واقعے میں5 افراد زخمی بھی ہوئے جن کی شناخت طالب، شہزاد، سنبل، توقیر اور اویس کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایاکہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ آتشزدگی کے موقع پر ریسکیو آپریشن کے دوران دھویں سے ایک پولیس کانسٹیبل نعیم گجر کی حالت غیر ہوگئی تھی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔