کراچی انسداد دہشت گردی عدالت کا نقیب اللہ قتل کیس میںمتعلقہ ڈی آئی جی کو مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم، کیس کی مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی

پیر 14 ستمبر 2020 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2020ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میںمتعلقہ ڈی آئی جی کو مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔پیرکو انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سابق ایس ایس پی رائو انوار و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے،تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ مقتولین کے خون آلودہ کپڑوں کی فرانزک کے لئے بھیجوائے گئے تھے وہ کیس پراپرٹی تاحال موصول نہیں ہوئی مقتول نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے خون آلود کپڑے لاہور کی فرانزک لیب کو بھیجوائے گئے تھے، مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

مفرور ملزمان گواہوں کے لئے خطرہ ہیں دبائو میں ہیں مفرور ملزمان گواہوں پر دبائو ڈال کر بیان تبدیل کراسکتے ہیں جس پر عدالت نے متعلقہ ڈی آئی جی کو مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔