حسن علی کی فٹنس میں بہتری آنے لگی

قائد اعظم ٹرافی تک فٹ ہوجائیںگے، زمبابوے کی سیریز میں شرکت کا کوئی امکان نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 ستمبر 2020 16:08

حسن علی کی فٹنس میں بہتری آنے لگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2020ء ) کمر کی تکلیف میں مبتلا فاسٹ بولر حسن علی قائد اعظم ٹرافی تک فٹ ہوجائیںگے لیکن زمبابوے کی سیریز میں انکی شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے کیوں کہ وہ کافی عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں۔ 26 سالہ حسن علی نے گزشتہ سال ورلڈ کپ 2019ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد وہ کمر کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

انہوں نے گذشتہ سال ڈومیسٹک سیزن میں حصہ لیا تھا اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں پشاور زلمی کی نمائندگی بھی کی تھی لیکن انکی بائولنگ میں وہ کاٹ نظر نہیں آئی جو اس سے پہلے انکا خاصہ رہی ہے ۔ حسن علی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہو گئے تھے لیکن اب مکمل صحتیابی تک انکے تمام طبی اخراجات پی سی بی برداشت کریگا۔

(جاری ہے)

غلط ٹریننگ کے سبب حسن علی کمر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور ماہرین کے مطابق حسن کو صحت یابی کیلئے سرجری کی ضرورت تھی لیکن فی الحال سرجری کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں حسن علی کے جسم کے ایک ہی حصے کا دو مرتبہ انجریز کا شکار ہونا کوئی معمولی بات نہیں، نتیجتاً ہم نے چند بہترین اور تجربہ کار ماہرین سے مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی آن لائن ری ہیب سیشن کے بعد ماہرین کی آرا جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حسن علی میں انجری کی علامتی واپسی کے کوئی اثرات ظاہر نہیں ہوئے تاہم یہ ری ہیب پروگرام کے ابتدائی ایام ہیں اور ہم اس ضمن میں مزید کسی بھی مشترکہ فیصلے سے قبل آئندہ 5 ہفتوں تک فاسٹ باؤلر میں بہتری کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ ایک بات تو یقینی ہے کہ اپنے شعبے کے معروف ماہرین حسن علی کا علاج کررہے ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ حسن علی سرجری کے بغیر بہت جلد صحتیاب ہوکر مسابقتی کرکٹ میں واپس آئیں گے۔

اگست 2016ء میں ڈیبیو کرنیوالے حسن علی اب تک 9 ٹیسٹ، 53 ایک روزہ اور 30 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کا انگوٹھا زخمی ہے اور انکو فٹ ہونے کیلئے 6سے 8 ہفتے درکار ہیں۔ خدشہ ہے کہ وہ سیزن کا بڑا حصہ مس کریں گے۔