چاروں صوبوں اور مشترکہ مفادات کونسل کے اتفاق رائے تک کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

منگل 15 ستمبر 2020 16:21

چاروں صوبوں اور مشترکہ مفادات کونسل کے اتفاق رائے تک کالا باغ ڈیم نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں اور مشترکہ مفادات کونسل کے اتفاق رائے تک کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا جبکہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ اس نے کالاباغ اور اکوڑی ڈیم بنانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ میرے سوال کے جواب میں لکھا گیا ہے کہ کالا باغ ڈیم اور اکوڑی ڈیم عملدرآمد کے لئے تیار ہے، ان ڈیموں سے خیبرپختونخوا شدید متاثر ہو گا، متنازعہ منصوبوں کا ذکر کیا جاتا ہے اور غیر متنازعہ منصوبوں کا نام نہیں لیا جاتا۔

اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان نے ایوان میں احتجاج اور شور شرابہ شروع کر دیا۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ حکومت نے کالا باغ ڈیم اور اکوڑی بنانے کا کوئی فیصلہ نہیںکیا، صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی ڈیم نہیں بن سکتا، ہم نے صرف سوال کا جواب دیا ہے، 1988ء کی پوزیشن کے مطابق معلومات فراہم کی ہیں، سوال کرتے ہیں تو جواب سننے کا حوصلہ پیدا کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جب تک چاروں صوبے اور سی سی آئی متفق نہیں ہوتے کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا۔