ریپ واقعات کے مجرموں کو سرعام پھانسی کی سزا دی جائے : حامد الحق حقانی

ملک میں فوری اسلامی نظام نا فذ کیاجائے شرعی سزاں کے نفاذ سے ہی ملک میں جرائم کا کنٹرول اور جنسی درندگی کا سدباب ہوسکتا ہے صوبہ پنجاب میںہر سطح پر شہید ناموس رسالت مولانا سمیع الحق شہید اور عظمت صحابہ و اہل بیت سیمینار منعقد کئے جائیں گے : امیر جے یو آئی (س)

منگل 15 ستمبر 2020 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2020ء) جمعیت علمائے اسلام(س) کے مرکزی امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ شریعت مطہرہ کے نفاذ اور شرعی سزاں کے نفاذ سے ملک میں جرائم کا کنٹرول اور جنسی درندگی کا سدباب ہوسکتا ہے۔ حکومت ،ادارے اور عدالتیں تمام تر توجہ عوام کے مسائل مشکلات اور فوری انصاف دینے پر دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جمعیت کے سیکرٹریٹ میں جمعیت علما اسلام شمالی کی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس کی صدارت صوبائی امیر مولانا صاحبزادہ پیر عبدالقدوس نقشبندی نے فرمائی جبکہ امیر مرکزیہ مولانا حامد الحق حقانی ،مولانا عبدالروف فاروقی،صاحبزادہ محمد ایوب خان، مولانا عبدالخالق ہزاروی، مولانا سید محمد یوسف شاہ ،مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا عتیق الرحمن ،مولانا مفتی عبدالعزیز عزیزی، قاری اعظم حسین، اور دیگر اہم ذمہ داران نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب کے تمام ڈویژنل سطح پر شہید ناموس رسالت مولانا سمیع الحق شہید اور عظمت صحابہ و اہل بیت سیمنار منعقد کئے جائیں گے، اجلاس میں قادیانیوں کے حق میں برطانوی پارلیمنٹ کی قرارداد مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وزارت خارجہ اور سفارتخانوں کے ذریعہ برطانوی حکومت کو پوری قوم کا احتجاج ریکارڈ کرانے اور قومی اسمبلی میں قرار داد مذمت پاس کی جائے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ افغانستان میں عنقریب طالبان کی حکومت آنے والی ہے، افغان حکومت بیرونی قوتوں کے دبا سے نکل کر افغان قوم پر رحم کریں، انہوں نے قطر اوردیگر مسلم ریاستوں کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ہم مذمت کرتے ہیں اور قبلہ اول کی آزادی اورمسلم فلسطینی خودمختار ریاست کے قیامت تک اسرائیل کے ساتھ روابط کو مسلم کشی کے مترادف قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا حامد الحق حقانی نے موٹروے ،رحیم یار خان،تونسہ اوردیگر علاقوں میں گینگ ریپ ،خواتین پر جنسی دہشت گردی اوربچوں بچیوں کے ساتھ گینگ ریپ واقعات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مجرموں کو سرعام پھانسی کی سزا کامطالبہ کیا۔