ہنگو کے دو افراد کو کوہاٹ روڈ پر قتل کیا گیا جس کی تحقیقات جاری ہے‘

سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جارہا ہے‘ مذہبی منافرت پھیلانے والوں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کے لئے اس ایوان سے واضح پیغام جانا چاہیے‘ بھارت مختلف حربے استعمال کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

منگل 15 ستمبر 2020 22:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ابراہیم زئی ہنگو کے دو افراد کو کوہاٹ روڈ پر قتل کیا گیا جس کی تحقیقات جاری ہے‘ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جارہا ہے‘ مذہبی منافرت پھیلانے والوں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کے لئے اس ایوان سے واضح پیغام جانا چاہیے‘ بھارت مختلف حربے استعمال کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں شہریار آفریدی نے کہا کہ کوہاٹ روڈ پر ابراہیم زئی ہنگو کے دو افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔ اس معاملہ کو فرقہ واریت کے طور پر اچھالا جارہا ہے۔ آئی جی ‘ چیف سیکرٹری‘ ڈی پی او کوہاٹ سے مسلسل رابطے میں ہوں۔

(جاری ہے)

اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ اس قتل کا فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ فرقہ وارانہ معاملات اچھالے جارہے ہیں۔

فرقہ وارانہ اور مسلک کی بنیاد پر آگ لگانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ بھارت کشمیر میں جو کر رہا ہے وہ یہ نہیں دیکھتے کہ یہ شیعہ ہے‘ سنی ہے‘ دیو بندی ہے وہ یہ دیکھ کر نشانہ بنا رہے ہیں کہ یہ مسلمان ہیں۔ بھارت مختلف حربے استعمال کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ مذہبی منافرت پھیلانے والے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کے لئے یہاں سے ایک واضح پیغام جانا چاہیے۔