Live Updates

اعجازاحمدچوہدری سے صوبائی وزراء کی ملاقاتیں ،بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال

منگل 15 ستمبر 2020 23:17

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدراعجاز احمد چوہدری نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تاریخی فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوگا، تحریک انصاف نے 22 سالوں تک آئین اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے جدوجہد کی، شہباز شریف اپنے بھائی نوازشریف کو فوری طور پر واپس لاکر عدالتوں کے سامنے پیش کریں، قوم کااربوں روپے ہڑپ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، آل شریف کو کرپشن کی دولت کی پائی پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

ٹی ٹی شریف کوخاتون زیادتی کیس میں اپنی سیاست نہیں چمکا نی چاہئے، شہباز شریف اور ان کے حواری متاثرہ خاتون کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک پاشی کرنا بند کریں، شہباز شریف کی موجودہ حکومت پر بلاجواز تنقید قابل مذمت ہے، آل شریف سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے خون کا حساب دیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صدر سنٹرل پنجاب اعجازاحمدچوہدری سے صوبائی وزراء راجہ بشارت ، ڈاکٹر یاسمین راشد، کرنل (ر)ہاشم ڈوگر ، سردار محمد آصف نکئی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ رائو زاہد قیوم ، ضلعی صدر قصور ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، جنرل سیکرٹری سردار علی جاوید ڈوگر، ڈاکٹر طاہر علی جاوید،قاری ذوالفقار علی سیالوی، کرنل (ر)جاوید کاہلوں، عارف خان، ملک شہزاد ، مہرنعیم اللہ تاج، مہر راشد ایڈووکیٹ، چوہدری ریاض، میاں فرزند گوہیر، سہیل خان، ملک فضل حسین ، ڈاکٹر عمران انور خان سمیت دیگر نے الگ الگ وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں پارٹی وفود نے تنظیم سازی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثناء اعجازاحمدچوہدری نے این اے 133 کی مستحق خواتین میں بیت المال پاکستان کی جانب سے دیئے گئے مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر علی رضا نقوی بھی موجودتھے۔ اعجازاحمدچوہدری کا کہنا تھاکہ معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کی مدد پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات