نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پشاور زلمی کی کوششیں جاری

ایم جی ز لمی کیمپ کے لیے پانچویں مرحلے میں لاہور میں نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز

منگل 15 ستمبر 2020 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2020ء) نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پشاور زلمی کی کوششیں جاری، ایم جی زلمی کیمپ کے لیے پانچویں مرحلے میں لاہور میں نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز ہوئے ، جن میں ایم جی زلمی کیمپ کی ڈیجیٹل مہم سے شارٹ لسٹ کیے گئے نوجوان کرکٹرز شریک ہوئے ۔ ماڈل ٹائون کرکٹ گرائونڈ بلاک ڈی لاہور میں ہونیوالے ٹرائلز میں پشاور زلمی کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹمین کامران اکمل اور فاسٹ بالر وہاب ریاض بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے سب سے کامیاب ترین بیٹسمین اور سب سے کامیاب بالر کو دیکھ کر نوجوان کرکٹرز کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوا ۔ ڈائریکٹر کرکٹ زلمی محمد اکرم اور اسپن کنسلٹنٹ ارشد خان نے ٹرائلز لیے ۔ کامران اکمل نے کہا کہ ایم جی زلمی کیمپ ٹیلنٹ سے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ، اس ٹیلنٹ ہنٹ مہم سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا ۔فاسٹ بالرز وہاب ریاض نے کہا کہ ایم جی زلمی کیمپ سے ان تمام کلب کرکٹرز کو بھی اوپر آنے کا موقع ملا جنہیں اس سے پہلے کوئی مواقع نہیں مل سکے تھے ، اس ٹیلنٹ ہنٹ سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہورہا ہے ۔ایم جی زلمی کیمپ میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل کیا جارہ ہے۔ لاہور سے پہلے جمرود، پشاور، صوابی اور سوات میں بھی ٹرائلز کیئے گئے۔