جہلم ، کمسن بچیوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا

بچیوں کے والدین نے استاد کو معاف کردیا ، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 ستمبر 2020 12:56

جہلم ، کمسن بچیوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، ٹیچر کو حراست میں لے لیا گیا
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) جہلم میں ٹیوشن سینٹر کے استاد کے کمسن بچیوں پر تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیچر کو حراست میں لے لیا ۔ میڈیا ذرائع پولیس کے مطابق جہلم شہر کے محلہ خانساماں میں ٹیوشن سینٹر میں استاد نے سبق یاد نہ کرنے پر کمسن بچیوں پر تشدد کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، ویڈیو کے وئرال ہوتے ہی ڈی ایس پی سٹی نے ٹیچر کو حراست میں لے لیا تاہم بچیوں کے والدین نے ڈی ایس پی دفتر میں پہنچ کراستاد کو معاف کردیا ۔

ڈی ایس پی ابراہیم وڑائچ نے کہا کہ مدعی کے معاف کرنے کے باوجود پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ دوسری طرف وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹیوشن ٹیچر کی طرف سے سبق یاد نہ کرنے پر کس طرح بے دردی کے ساتھ طالبات کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)


ایک اور وڈیو میں استاد کی طرف سے ننھی بچی کو تششد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا گیا ،
تشدد کی وجہ سے بچی گر پڑتی ہے لیکن ٹیچر کی طرف سے پھر بھی تشدد روکا نہیں گیا 
واضح رہے کہ چند روز قبل جہلم میں 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش میں گھر والوں نے استاد کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔

گھر کے علیحدہ کمرے میں استاد بچوں کو پڑھا رہا تھا، 2 بچوں کو جلدی چھٹی دے کر 6 سالہ بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرتا پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایک اور تشویشناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک استاد اپنی 6 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جہلم کے مشین محلہ نمبر 3 میں پیس آیا جہاں بچوں کو پڑھانے والے استاد نے 6 سالہ معصوم بچی سے مبینہ طور پر زیادتی کرنے کی کوشش کی، ملزم بچی کے ساتھ بند کمرے میں چھیڑ چھاڑ کر رہا تھا۔

نیوز رپورٹس کے مطابق استاد ایک مسجد کا امام بھی ہے جو بچوں کو گھروں میں جا کے دینی تعلیم دیتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ استاد گھر کے علیحدہ کمرے میں بچوں کو پڑھا رہا تھا کہ اسی دوران خلاف معمول اس نے 2 بچوں کو جلدی چھٹی دے دی اور پھر اس کے بعد وہاں اکیلی رہ جانے والی 6 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے لگا۔ اسی اثناء جب گھر والوں نے اچانک کمرے کا دروازہ کھولا تو انہوں نے استاد کو بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے دیکھا تو اس کی خوب درگت بنائی۔