متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسرائیل امن معاہدے کی تقریب میں عمان کے سفیر نے بھی شرکت کی

تقریب کے میزبان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور ان کی طرف سے ہی عمانی سفیر کو مدعو کیا گیا تھا: وائٹس ہاوس ذرائع

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 ستمبر 2020 00:06

متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسرائیل امن معاہدے کی تقریب میں عمان کے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسرائیل کے درمیان ہوئے امن معاہدے کی تقریب میں عمان کے سفیر نے بھی شرکت کی، وائٹس ہاوس ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب کے میزبان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور ان کی طرف سے ہی عمانی سفیر کو مدعو کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات، بحرین اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں واقع امریکی صدارتی محل وائٹ ہاوس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے تھے۔

امن معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کو باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ جبکہ اب یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ گزشتہ روز کی تقریب میں خلیجی اسلامی ملک عمان کے سفیر نے بھی شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وائٹ ہاوس ذرائع نے تصدیق بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو کہ گزشتہ روز کی تقریب کے میزبان تھے، ان ہی کی جانب سے عمان کے سفیر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

 مزید بتایا گیا ہے کہ عمان نے یو اے ای اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے فیصلوں کا خیرمقدم کیا تھا۔ جبکہ امریکی حکام دعویٰ کر رہے ہیں کہ جلد متحدہ عرب امارات اور بحرین کے علاوہ دیگر عرب ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کر سکتے ہیں۔ گزشتہ روز ہوئے امن معاہدے کی تقریب میں عمان کے سفیر کی شرکت کے حوالے سے عمانی حکام نے تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ کچھ روز قبل بحرین نے بھی اسرائیل کیساتھ تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا۔ یوں اب تک 4 عرب ممالک جن میں مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں، اسرائیل کو تسلیم کر چکے ہیں۔