Live Updates

کیا عمران خان جہانگیرترین کوبھی احتساب کے نرغے میں لائیں گے

جہانگیرترین کے جہاز میں عمران خان نے الیکشن مہم چلائی، اسلام آباد ہوٹلوں میں کھانے کھائے کیا وہ پیسے حلال تھے :عارف حمید بھٹی

Hassan Shabbir حسن شبیر جمعرات 17 ستمبر 2020 22:34

کیا عمران خان جہانگیرترین کوبھی احتساب کے نرغے میں لائیں گے
لاہور(اردو پوائنٹ- اخبارتازہ ترین 17ستمبر2020ء) سینئر تجزیہ نگار عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ احتساب جہانگیر ترین کے لیے بھی ممکن ہوسکے گا یا وہ احتساب سے بالاتر ہیں، اسحاق ڈار کے کے والد کی پنکچر کی دکان یاد ہے لیکن جہانگیر ترین کے جہازیاد نہیں ہیں جن میں بیٹھ کر پورے ملک میں انھوں نے 2018 الیکشن کی مہم چلائی تھی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ احتساب سب کے لیے یکساں ہونا چاہیئے ایسا کیوں ہے کہ کچھ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے لیکن جہانگیرترین کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز پاکستان میں موجود ہیں، لیکن انکا احتساب نہیں کیا جاتا، چینی اسکینڈل میں جہانگیرترین سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے عمران خان اور جہانگیرترین کے کوئی اختلاف نہیں ہے، لیکن ایک اختلاف تھا کہ عمران خان کو خدشہ تھا کہ جہانگیر ترین عمران خان کی جگہ لے سکتے ہیں، جس کے بعد انھوں نے جہانگیر ترین سے فاصلہ اختیار کیا۔

خیال رہے کہ منی لانڈرنگ اور شوگر اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو طلب کر لیا ہے۔علی خان ترین کو 18ستمبر کو ایف آئی اے لاہور آفس میں طلب کیا گیا۔جہانگیرخان ترین کو 19ستمبر کو ایف آئی اے دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔دونوں سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم منی لانڈرنگ،شوگر ملز فراڈ سے متعلق تحقیقات کرے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پیدا ہونے والے چینی بحران پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور مونس الہیٰ کو ہوا تھا۔چینی بحران رپورٹ سامنے آنے کے بعد جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کر دیا تھا اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت بھی تبدیل کر دی گئی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات