سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا: میزبان ندا یاسر نے 5 سالہ بچی کے والدین سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی

اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے کراچی میں زیادتی کے بعد قتل کر دی جانے والی 5 سالہ بچی مروہ کے والدین کو مارننگ شو میں بلا کر ان سے قابل اعتراض سوالات کیے تھے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید رد عمل دیا تھا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 18 ستمبر 2020 06:58

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا: میزبان ندا یاسر نے 5 سالہ بچی کے والدین ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 ستمبر 2020ء) سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد میزبان ندا یاسر نے 5 سالہ بچی کے والدین سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔ اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے کراچی میں زیادتی کے بعد قتل کر دی جانے والی 5 سالہ بچی مروہ کے والدین کو مارننگ شو میں بلا کر ان سے قابل اعتراض سوالات کیے تھے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید رد عمل دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے کراچی میں زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دی جانے والی ننھی بچی مروہ کے والدین کو اپنے مارننگ شو میں بلا کر نازیبا سوالات کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔ ندا یاسر نے معافی انسٹا گرام پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مانگی ہے۔ میزبان ندا یاسر کو مقتول بچی سے متعلق قابل اعتراض سوالات پوچھنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

ندا یاسر نے اپنا معافی پر مبنی پیغام سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید اور مسلسل کیے جانے والے معافی کے مطالبے کے بعد جاری کیا ہے۔ 

میزبان نے انسٹا پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں سب سے پہلے معافی مانگنا چاہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو ناراض نہیں دیکھ سکتی، اگر جانے انجانے میں مجھ سے کوئی ایسی بات یا کوئی ایسا سوال ہوا ہے تو میں ہاتھ جوڑ کر آپ لوگوں سے معافی مانگتی ہوں۔

واضح رہے کہ ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں کراچی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی مروا کے والدین کو بلایا اور ان سے اس واقعے کی تفصیلات بتانے کے لیے کہا جو یقینا اُن کے لیے بتانا بہت مشکل تھی۔ ندا یاسر نے مروہ کے والد سے متعدد بار کئی بے معنی سوالات کیے، جب کہ پروگرام میں موجود مروہ کی دادی اماں مسلسل روتی رہیں۔ 
ندا یاسر بار بار مروہ کے متعلق سوالات پوچھتی رہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے ان کے والد بھی آبدیدہ ہو گئے۔

گفتگو کے دوران اُن کی آنکھوں میں درد اور آنسو واضح دیکھے جا سکتے تھے۔ مروہ کے اہلخانہ کے لیے اس واقعے پر بات کرنا بہت مشکل ہو رہا تھا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ندا یاسر کے انداز اور سوالات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنے چینل کی ریٹنگ کے لیے ایسے لوگوں کو بلا لیا جن کی بیٹی پر دردندوں سے ظلم کے پہاڑ گرا دئیے۔ندا یاسر کا مارننگ شو بند کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ایک صارف کا کہنا ہے کہ جعلی مہمانوں کو بلا کر پروگرام کرنے والی ندا یاسر نے مروہ کے والدین سے ایسے سوال کیے جس سے اس کے اہلخانہ رو پڑے۔ 
ایک صارف نے ندا یاسر کے پروگرام کو بند کرنے کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرنے کی درخواست کی۔ 
جب کہ معروف ہوسٹ وقار ذکا نے صارفین سے کہا کہ وہ ندا یاسر کو پروگرام سے ہٹانے کے لیے پیمرا سے رابطہ کریں اور ان سے درخواست کریں کہ ندا یاسر کو اس پروگرام سے ہٹایا جائے،وقار ذکا نے صارفین سے کہا کہ میمز بنانے کے بجائے قانونی طریقہ اپنائیں۔

 
ایک اور صارف نے کہا کہ صرف اپنے شو کی ریٹنگ کے لئے آپ متاثرہ خاندان سے احمقانہ سوال پوچھ رہی ہیں۔لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر شو کی ریٹنگ حاصل کی جا رہی ہے۔ صارف نے بھی ندایاسر کو بین کرنے کا مطالبہ کیا۔ 
ایک اور صارف نے کہا کہ 
اس کے علاوہ بھی کئی صارفین کی جانب سے ندا یاسر کو پروگرام سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔