Live Updates

ریپ کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ، عامر لیاقت حسین خطاب کے دوران رو پڑے

ظلم کرنے والا کوئی صنف نہیں رکھتا، خدا کے لیے اسے مرد یا عورت نہ کہیں، ظالم نامرد ہوتا ہے: پارلیمنٹ میں خطاب

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 18 ستمبر 2020 09:14

ریپ کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ، عامر لیاقت حسین خطاب ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر 2020ء) ریپ کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ، عامر لیاقت حسین خطاب کے دوران رو پڑے۔ ظلم کرنے والا کوئی صنف نہیں رکھتا، خدا کے لیے اسے مرد یا عورت نہ کہیں، ظالم نامرد ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پارلیمنٹ سے زور دار خطاب کرتے ہوئے جنسی زیادتی کے ملزمان کو سر عام پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران عامر لیاقت جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کرنے والے کی کوئی صنف نہیں ہوتی، بلکہ وہ نامرد ہوتا ہے۔ اور نامرد کو کیا نامرد بنانا جبکہ وہ پہلے ہی نامرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم کی صنف مقرر کر کے ہم معاشرے کو تقسیم کرتے ہیں۔ عامر لیاقت کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمیں قرآن اور سنت کے مطابق وہ سزائیں دینے کی ضرورت ہے جن کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیادتی کیس چاہے موٹروے پر ہو یا کہیں مضافات کی گلیوں میں، ہمیں صنفی بحث میں پڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جس ریاست مدینہ کے دعویدار ہیں، اگر ریاست مدینہ میں ایسا واقعہ پیش آتا تو سزا کیا ہوتی؟ انہوں نے اسمبلی میں بیٹھ کر ایسے معاملات کو مل جل کر حل کرنے اور قانون سازی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عامر لیاقت اسمبلی میں مقتول ننھی بچی مروہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور اس کرب و تکلیف کو محسوس کرنے کا کہتے رہے جو اس معصوم بچی نے اس وقت سہی جب اس کو کمرے میں بند کر کے عصمت دری کے بعد بےدردی سے جلا دیا گیا تھا۔ عامر لیاقت نے کہا کہ ایسے درندوں کی گردن کیوں نہ کاٹی جائے؟ ان کو سر عام پھانسی کیوں نہ دی جائے؟ 
اس کے بعد ڈاکر عامر لیاقت نے موجود حالت پر رنجیدہ لوگوں سمیت اپوزیشن اور حکومتی اراکین پارلیمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے حساس موضوع پر بھی اگر کوئی سیاست کر رہا ہے تو وہ سیاست ہی کر رہا ہے، عبادت نہیں کر رہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات