موٹروے زیادتی کیس ، ملزم عابد کو چھاپے سے پہلے ہی اطلاع ملنے کا انکشاف

ملزم عابد کو پہلے ہی اطلاع مل جاتی ہے کہ پولیس کب اور کہاں چھاپے مارنے والی ہے ، ڈاکٹر شاہد مسعود

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 10:16

موٹروے زیادتی کیس ، ملزم عابد کو چھاپے سے پہلے ہی اطلاع ملنے کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) معروف تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو پہلے ہی اطلاع مل جاتی ہے کہ پولیس کب اور کہاں چھاپے مارنے والی ہے ۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والا مرکزی ملزم عابد جہاں کہیں بھی ہے اسے چھاپے پڑنے سے پہلے ہی اطلاع پہنچ جاتی ہے کہ پولیس کی طرف سے کہاں چھاپہ پڑنے والا ہے ، اور یہ کیا بات ہوئی اور یہ کون سا قانون ہے کہ اس کی اہلیہ کو پکڑ لیا ہے ، آج اس معاملے کو 8 دن ہو گئے ہیں اس لیے اس سارے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے، سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ سب کیسے ہو رہا ہے اور یہ سب دھڑے بندی کی وجہ سے ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کی سالی کشور بی بی نے بتایا کہ عابد علی نے اپنا حلیہ مکمل طور پر تبدیل کر لیا ہے، ملاقات کیلئے آیا تو پولیس کو اطلاع دے دی تھی ، لیکن وہ پولیس پہنچتے ہی فرار ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کا مرکزی ملزم عابد علی چوتھی مرتبہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز پولیس کی جانب سے ننکانہ صاحب میں ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا۔

پولیس کو ملزم عابد علی کی اس کی سالی کے گھر موجودگی کی اطلاع ملی، اس کے باوجود پولیس 30 منٹ تاخیر سے وہاں پہنچی۔ ملزم عابد علی اپنی سالی کیساتھ ایک پارک میں موجود تھا جب پولیس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے جیسے ہی عابد علی پر ہاتھ ڈالا، ملزم اہلکاروں کو دھکا دے کر فرار ہوگیا۔ عابد علی کی سالی نے بتایا کہ عابد ننکانہ صاحب کے رائے بلار بھٹی پارک میں میرے ساتھ موجود تھا جب پولیس نے چھاپہ مارا لیکن ملزم پھر بھی فرار ہوگیا۔ میڈیا کو دیے گئے بیان میں ملزم کی سالی کشور بی بی نے بتایا ہے کہ عابد علی نے اپنا حلیہ مکمل طور پر تبدیل کر لیا ہے۔ عابد علی نے کلین شیو کر لی ہے اور اپنی باقی حالت بہت زیادہ خراب کر لی ہے۔