پنجاب بار کونسل الیکشن مہم کا آغاز، حامد خان و عاصمہ جہانگیر گروپ آمنے سامنے

جمعہ 18 ستمبر 2020 10:36

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) پنجاب بار کونسل ممبران کے الیکشن مہم کی گہما گہمی شروع ہوگئی۔ وکلا کے بڑے دو گروپ حامد خان گروپ اور عاصمہ جہانگیر گروپ حسب روایت آمنے سامنے ہیں۔ پانچ سال بعد ہونے والے پنجاب بار کونسل کی75 ارکان کی سیٹوں کے لئے انتخابی امیدواروں کی سرگرمیاں زور پکڑ گئیں۔ بار کونسل کی کل75 نشستوں میں لاہور ڈویژن کی 20 سیٹوں کے لیے 150سے زائد امیدوارمیدان میں آگئے، پنجاب بارکونسل کی لاہور کے لیے سولہ، شیخوپورہ اور ننکانہ کے لیے ایک ایک اورقصور کے لیے دو سیٹیں مختص ہیں۔

28 نومبرکو ہونے والے پنجاب بار کونسل کے الیکشن میں موجودہ ممبران کی اکثریت امیدواروں میں شامل ہے۔ ان امیدواروں میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی، منیر حسین بھٹی، خواجہ عبدالستار کاشر، چوہدری عرفان صادق تارڑ، بشریٰ قمر، میاں احمد سعید، قمر شاہد میو، عالمگیرخان، رانامحمدآصف، رائے سرفرازانور خان، مظہر محمود بھٹی، چوہدری توقیر صادق، نرگس ناہید، میاں محمد وسیم، ذبیع اللہ ناگرہ، عبدالصمد بسریا، نعیم حسن وٹو، انیلہ اقبال بھٹی، رانا ذوالفقار علی، راشدہ لودھی، رائے نواز کھرل اوررانا ضمیرچھڈو سمیت دیگرامیدوار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب بار کونسل کے گردونواح کی سڑکیں امیدواروں کے بینرز اور پوسٹرزسے سج گئیں۔امیدواروں کی اکثریت عدالتوں اور وکلاء ووٹرز کے چیمبرز میں ڈور ٹو ڈور رابطوں میں مصروف ہے، امیدواروں نے ٹیلی فون رابطوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی الیکشن مہم شروع کردی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے ہر پانچ برس کے بعد ہونے والے انتخابات اس مرتبہ ایک سال کی تاخیر سے 28 کونومبر ہونگے۔ شیڈول کے مطابق پنجاب بار کونسل کے نو منتخب ارکان کے ناموں کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔