کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 13 تعلیمی ادارے بند

خیبرپختونخوا کے 10اور صوبہ سندھ کے 3 تعلیمی ادارے شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 10:41

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید 13 تعلیمی ادارے بند
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید13تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں این سی او سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے مناسب اقدامات نہ ہونے کے باعث ان تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ، جن میں خیبرپختونخوا کے 10اور صوبہ سندھ کے 3تعلیمی ادارے شامل ہیں ، اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں بند کیے گئے تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 35 ہوگئی۔

واضح رہے کہ کورونا کے باعث گزشتہ روز بھی ملک بھر میں 22 تعلیمی ادارے بند کیے گئے ، سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخوا میں بند کیے گئے جبکہ 5 آزاد کشمیر اور ایک تعلیمی ادارہ اسلام آباد میں بند کردیا گیا ۔ این سی او سی کے مطابق یہ تمام ادارے 48 گھنٹوں میں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر ان اداروں میں کورونا وبا پھیلی ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے 15ستمبر کو کھولے گئے ، پہلے مرحلے کے آغاز میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل جاری ہے ۔ تعلیمی اداروں میں ہینڈ سینی ٹائزر، ماسک، اور فاصلہ برقرار رکھنے کیلئےخصوصی انتظامات کئے گئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرل سینٹر نے اس حوالے سے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین بچوں کو ماسک پہنا کر بھیجیں۔

کھانسی یا بیماری کی صورت میں طلبا کو ہرگز سکول نہ بھیجیں۔ اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو فوری ٹیسٹ کروایا جائے۔ ہاتھ با قاعدگی سے دھوتے رہیں۔ بچے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں تعلیمی ادارے کو مطلع کیا جائے۔ تاہم این سی او سی کی ہدایات کے باوجوداحتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کے باعث اب تک ملک بھر میں بند کیے گئے تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 35 ہوگئی۔