خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی

جمعہ 18 ستمبر 2020 12:53

خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی سماعت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) احتساب عدالت لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی خلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔جمعہ کو خواجہ سلمان رفیق احتساب عدالت کے جج جواد الاحسن کی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ایم این اے عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست پیش کی گئی کہ وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

عدالت نے یہ درخواست منظور کرلی۔دوران سماعت وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ طبیعت ناساز ہونے کی بنا پر بیان ریکارڈ نہ کروا سکے ایم ایس سروسز ہسپتال نے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کروائی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کی پیشی کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔عدالت کے روبروپیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کیس میں اب تک 7 گواہان اپنے بیانات قلمبند کروا چکے ہیں، خواجہ برادران کے خلاف مجموعی طور پر 130 گواہان بیان قلمبند کروائیں گے۔

نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔یاد رہے کہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف ریفرنس 31 مئی 2019 دائر کیا گیا جبکہ خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں چار ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس کیس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق کی ضمانتیں منظور کی ہیں۔